• news

انخلا کے بعد امریکہ 9 فوجی اڈے رکھنا چاہتا ہے تو معاہدہ کرے : کرزئی

کابل (اے ایف پی+ اے پی پی) افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان کے نو فوجی ائیربیس استعمال میں رکھنے کا معاہدہ چاہتا ہے ۔ افغانستان کے مفاد میں امریکہ کو فوجی ائیربیس استعمال کرنے کی اجازت دینے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ جمعرات کو کابل یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں سنجیدہ ہیں اورہمیں امریکی فورسز کی موجودگی کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہے۔ ہماری شرائط مانی جاتی ہیں تو یہ افغانستان کے عوام ‘ امن اور ملکی استحکام کیلئے فائدہ مند بات ہوگی۔ ہم نے بھی امریکہ کے سامنے شرائط پیش کردی ہیں جن میں افغانستان میں سڑکوں کی تعمیر‘ سیکورٹی کی فراہمی ‘ بجلی ‘ ڈیمز کی تعمیر‘ معاشی استحکام کیلئے ٹھوس امداد اور دیگر امور شامل ہیں۔ افغان صدر نے کہا ہے کہ امریکہ 2014ءمیں فوجی انخلاءسے قبل ہماری شرائط پر کام شروع کردے گا اس لئے امریکہ کو فوجی ائیربیس استعمال کرنے کی اجازت دے رہے ہیں۔آن لائن کے مطابق کرزئی نے کہا ہے کہ ملک سے اتحادی فوج کے انخلاءکے بعد نو امریکی اڈوں کی ملک میں قائم رہنے کی اجازت دینے کے لئے آمادہ ہیں تاہم واشنگٹن کی جانب سے سکیورٹی اور اقتصادی ضمانت کے خواہاں ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر نے کہا کہ ملک میں امریکی فوجی اداروں کی موجودگی میں قائم رکھنے کے لئے ہم امریکہ کے ساتھ معاہدے کے لئے تیار ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ہم واشنگٹن سے یہ ضمانت چاہتے ہیں کہ امریکہ ہماری سکیورٹی فورسز اور داخلی سلامتی کو مضبوط کرنے کے علاوہ افغان ترقیاتی پروجیکٹس کے فروغ میں اہم کردار کرتا کرہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن