• news

سیاسی رہنماﺅں کی فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے: نجم سیٹھی

لاہور (این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کی زیرصدارت ایوان وزیراعلیٰ میںنگران پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات کے لئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات، پنجاب فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ اور پنجاب سینئر سٹیزن ویلفیئر آرڈیننس 2013ءکا جائزہ لیاگیا۔کابینہ کے اجلاس میں بھارت میں پاکستانی قیدی ثناءاﷲ کی تشدد سے ہلاکت کے وا قعہ کی مذمت کی گئی اور پاکستانی قیدی کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیر برائے ٹیکسیشن و ریونیو، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانا نگران سیٹ اپ کی قومی ذمہ داری ہے اس مقصد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کئے جائیں، سیاسی رہنماﺅں کی فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ بین الاقوامی اور ملکی حالات کے تناظر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے۔ انتخابی عمل کو پرامن ماحول میں پاےہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ کو آرڈیننس کے ذرےعے نافذ کیا جائے گا جس سے شہریوں کی اطلاعات تک رسائی ممکن ہو گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بزرگ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے پنجاب سینئر سٹیزن ویلفیئر آرڈیننس 2013 کو جلد حتمی شکل دی جائے اورکمیٹی آئندہ اجلاس میں قابل عمل سفارشات پیش کرے۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری اطلاعات امجد حسین نے فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ کے حوالے سے کابینہ کو آگاہ کیا سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے پنجاب سینئر سٹیزن ویلفیئر آرڈیننس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے بھارت میں پاکستانی قیدی ثناءاﷲ کی تشدد سے ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں پاکستانی قیدی ثناءاﷲ کے انتقال پر دلی دکھ ہوا ہے اور پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں ثناءاﷲ کے پسماندگان کے غم میں برابر کی شرےک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں تشدد سے ہلاک ہونے والے پاکستانی قیدی کے پسماندگان کی ہرممکن مدد جاری رکھیں گے، پنجاب حکومت ثناءاﷲکے لواحقین کے لئے پہلے ہی 5لاکھ روپے کی مالی معاونت اور رہائش کی فراہمی کا اعلان کر چکی ہے، ثناءاﷲ کے بڑے بیٹے کو ملازمت فراہم کی جائے گی چھوٹے بیٹے کے تعلیمی اخراجات بھی پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔ بھارت کی جیل میں قید پاکستانی قیدی ثناءاﷲ پر ہونے والا جان لیوا حملہ مجرمانہ غفلت ہے بھارت کا پاکستانی قیدی ثناءاﷲ کی حفاظت کے لئے جیل میں فول پروف سکیورٹی انتظامات نہ کرنا انتہائی قابل افسوس امر ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی قیدی سربجیت سنگھ کی ہلاکت کے بعد بھارتی حکام کو پاکستانی قیدیوں کی حفاظت کے لئے موثر انتظامات کرنے چاہئےں تھے۔ بھارت کی قید میں ثناءاﷲکی تشدد سے ہلاکت انتہائی قابل مذمت فعل ہے اس غیر مہذب اور انسانیت سوز حرکت کی وجہ سے عالمی سطح پر بھارت کا امیج بری طرح مجروح ہوا ہے۔ پنجاب حکومت ثناءاﷲکے لواحقین کا ہر ممکن خیال رکھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن