عوامی تحریک الیکشن کیخلاف آج ملک بھر میں دھرنے دیگی‘ کرپٹ نظام سمندر میں پھینکنا ہو گا : طاہر القادری
عوامی تحریک الیکشن کیخلاف آج ملک بھر میں دھرنے دیگی‘ کرپٹ نظام سمندر میں پھینکنا ہو گا : طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ ایجنسیاں) عوامی تحریک آج انتخابات کےخلاف پولنگ سٹیشنوں کے قریب دھرنے دیگی۔ ڈاکٹر طاہر القادری دوپہر 2بجے لاہور سمیت ملک بھر میں دھرنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبد الحفیظ چودھری نے بتایا کہ لاہور سمیت ملک کے 300 سے زائد مقامات پر پرامن دھرنے دئیے جائیں گے جسکے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ مسجد شہداءکے قریب سروس روڈ پر پر امن دھرنا دیا جائےگا۔ پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میںبھی پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان پر امن دھرنے دینگے، دھرنے کے شرکاءکسی کو ووٹ ڈالنے سے جبراً نہیں روکیں گے۔ اس موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈاکٹر طاہر القادری کا خطاب دھرنے کے شرکاءبراہ راست سنیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ دھرنے کے مقامات کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے، عورتوں اور مردوں کےلئے الگ الگ پنڈال بنائے جائیں گے۔ منہاج ویلفیئر فاﺅنڈیشن کے تحت میڈیکل کیمپ بھی لگایا جائے گا اورڈاکٹرز اور ایمبولینس سروس بھی لاہور سمیت ملک کے تمام دھرنوں میں موجود ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ دھرنے پولنگ سٹیشنوں سے دور طے شدہ مقامات پر ہی ہونگے۔ قبل ازیں ڈاکٹر طاہرالقادری کے دھرنے سے متعلق حکومت سے مذاکرات ہوئے جن میں پنجاب حکومت اور عوامی تحریک میں معاہدہ طے پاگیا۔ معاہدے کے مطابق طاہرالقادری کا ہر پولنگ سٹیشن کے آگے دھرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا گیا۔ عوامی تحریک لاہور میں صرف مال روڈ کی سروس لین پر احتجاج کر سکے گی۔ مظاہرین مال روڈ اور اس کی فٹ پاتھ پر آئیں گے اور نہ ہی ٹریفک میں خلل پیدا کرینگے۔ دریں اثناءآج کے دھرنے کے حوالے سے بیان میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا اس انتخابات کی وجہ سے نظام بدلنا تو دور کی بات چہرے بھی نہیں بدلےں گے‘ موجودہ کرپٹ نظام انتخاب نے ملک کو تباہی کے کنارے پر پہنچا دیا، ایسا کرپٹ انتخابی نظام پاکستان کو ترقی نہیں دے سکتا اسکو اٹھا کر سمندر میں پھینکنا ہو گا ، کرپٹ نظام اور غیر آئینی الیکشن کمشن کے تحت ہونیوالے انتخابات کے خلاف عوامی تحریک کے کارکنان آج ملک بھر میں پولنگ سٹیشنوں کے سامنے دھرنے دینگے۔ طاہر القادری نے کہاکہ سابق نا اہل کرپٹ حکمران ایک بار پھر تمام طاقت اور وسائل اپنے قبضے میں لا کر عوام کو انکے بنیادی حقوق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں‘ موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کے ہوتے ہوئے تبدیلی نہیں آ سکتی۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے 12مئی کو دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہوں گے اور مزید مایوسی پھیلائیں گے، تبدیلی لانے کےلئے پہلے اپنی ذات میں تبدیلی لانا پڑتی ہے، ملک میںلولی لنگڑی اور کمزور نہیں حقیقی جمہوریت چاہتا ہوں۔ عوام ہمارے دھرنوں میں شرکت کر کے کرپٹ انتخابی عمل کو مسترد کردیں۔
دھرنا