• news

پاکستان میں انتخابات کے دوران طالبان کی دھمکیوں پر تشویش ہے ہمارا کوئی فیورٹ نہیں: امریکہ

پاکستان میں انتخابات کے دوران طالبان کی دھمکیوں پر تشویش ہے ہمارا کوئی فیورٹ نہیں: امریکہ

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ ثناءنیوز) امریکہ نے پاکستان میں انتخابات کے موقع پر طالبان کی جانب سے دی جانیوالی حملوں کی دھمکی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ووٹرز صاف اور شفاف ماحول میں اپنے ووٹ کاسٹ کرینگے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان پیٹرک ویٹرل نے پریس بریفنگ میں پاکستان میں انتخابی مہم کے دوران تشدد کے واقعات، امیدواروں اور انکے حامیوں پر حملوں کی مذمت کی۔ امریکی ترجمان نے کہا کہ امریکہ نے کہا کہ پاکستانی انتخابات میں ہماری کوئی فیورٹ سیاسی پارٹی نہیں۔ یہ انتخابات اقتدار کی جمہوری طور پر منتقلی کی اہم علامت اور ایک تاریخی پیش رفت ہے جس پر پاکستان کے عوام بجاطور پر فخر کرسکتے ہیں۔امریکی دفترِ خارجہ کے ترجمان نے پاکستان میں انتخابات سے قبل ہونے والے پرتشدد واقعات کی بھی مذمت کی۔ انھوں نے کہا امریکہ پاکستان میں حالیہ تشدد کی مذمت کرتا ہے جس میں سیاست دانوں اور ان کے حامیوں کو انتخابی مہم کے دوران نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسی طرح ہم طالبان گروپ کے حالیہ بیانات کی بھی مذمت کرتے ہیں جن میں انھوں نے پاکستان میں جمہوری سیاسی عمل میں خلل ڈالنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کے اپنے نمائندوں کے انتخاب میں بھرپور طور پر حصہ لینے کے حق کی حمایت کرتے ہیں اور ایک پرامن، خوشحال اور جمہوری قوم کی خواہش کی تکمیل کی صلاحیت کے بھی حامی ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں امریکی ترجمان نے کہا کہ امریکہ اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر پاکستان میں عام انتخابات کی نگرانی کے عمل میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتا ہے اور یہ کہ وہ منصفانہ اور شفاف انتخابی عمل میں مدد کے لیے پاکستان کی وزارت خارجہ کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن