• news

ثناءاللہ کی موت افسوسناک ہے، بھارتی وزیراعظم پاکستانی قیدیوں کا تحفظ یقینی بنائیں: نگران وزیراعظم

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے مقبوضہ کشمیر کی جیل میں پاکستانی شہری ثناءاللہ کی موت کو المیہ اور انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔ جمعہ کو اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستانی عوام اور اپنی طرف سے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ثناءاللہ کے ورثاءکو پہلے ہی 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کی منظوری دی جاچکی جبکہ حکومت پنجاب ثناءاللہ کے بڑے بیٹے کو روزگار فراہم کرےگی جبکہ اسکے چھوٹے بیٹے کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ 5 لاکھ روپے کی مالی امداد اور ثناءاللہ کے اہلخانہ کو گھر بھی فراہم کیا جائےگا۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم پر زور دیا کہ پاکستانی قیدیوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے سنگین معاملہ کو انسانی جذبہ کے ساتھ حل کیا جائے اور ایسے اقدامات کئے جائیں کہ اس طرح کے گھناﺅنے واقعات دوبارہ نہ ہوسکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت قیدیوں کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے دوطرفہ میکنزم کو بروقت اور موثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن