پولنگ سٹیشنوں میں موبائل فون لیجانے پر پابندی پر سختی سے عمل کرائینگے: نجم سیٹھی
لاہور (ثناءنیوز+ این این آئی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں انتخابات کا شفاف اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کےلئے مربوط سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ہر پولنگ سٹیشن پر سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ بیلٹ بکس کو پولنگ سٹیشنز سے واپس ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تک لانے کے تمام ضروری انتظامات کرلئے گئے۔ ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی حالات کے تناظر میں صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کردئےے گئے ہیں۔ ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم پوری طرح فعال ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پولنگ سٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا اور اس ضمن میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہےں جبکہ حساس پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے مابین انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔