محفوظ، خودمختار پاکستان چاہتے ہیں یا اغیار کا غلام، عوام آج فیصلہ کر لیں: منور حسن
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ آج کا دن فیصلے کا دن ہے، عوام نے یہ طے کرنا ہے کہ وہ مستقبل میں کیسا پاکستان چاہتے ہیں، وہ اپنے دکھوں اور محرومیوں کا مداوا چاہتے ہیں، پرامن ، آزاد، خودمختار اور محفوظ پاکستان چاہتے ہیں یا اغیار کا غلام، ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کا مقروض پاکستان چاہتے ہیں۔ گزشتہ روز بیان میں منور حسن نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کی66سالہ تاریخ میں جتنے حکمران آئے کم و بیش یہی کچھ ہوتا رہا کہ ہر حکمران لوٹ کھسوٹ اور ظلم و ستم کا عنوان بنا رہا۔ آج عوام کو ایک اور مو قع ملا ہے کہ وہ سابقہ ادوار حکومت میں ان کے ساتھ روا رکھے گئے ظلم کا بدلہ چکا دیں اور جن لوگوں نے انہیں زندگی کی تمام سہولتوں سے محروم کرکے غربت، مہنگائی بے روز گاری اور بجلی و گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے حوالے کیا ہے ان کی ضمانتیں ضبط کروا دیں۔ سید منور حسن نے کہا کہ جب تک 66سال سے اقتدار کے ایوانوں پر قابض سرمایہ داروں، وڈیروں جاگیرداروں اور رسہ گیروں کی ضمانتیں ضبط نہیں ہوتیں عوام کی قسمت نہیں بدلے گی، انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی پارٹیوں کی طرف سے زیادہ تر وہی لوگ الیکشن لڑ رہے ہیں جنہوں نے ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں کی دلدل میں دھکیلا۔ انہوں نے کہا کہ چوروں نے چوری اور ڈاکوﺅں نے ڈکیتی کرنا ہوتی ہے اور کمشن کھانے والے منتخب ہوئے تو قومی خزانہ لوٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آج کے الیکشن میں امریکی ایجنڈے پرگامزن پارٹیوں کو مسترد کردیں اور اسلام پسند اہل، محب وطن اور دیانتدار نمائندوں کو کامیاب کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں مدینہ منورہ کا نظام زندگی اور معاشرت قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ تحریک پاکستان کو مکمل کرکے یہاں کلمہ طیبہ کا نظام قائم کیا جا سکے۔