• news

بھارت میں پاکستانی قیدیوں پر حملوں کے خلاف لاہور سمیت مختلف شہروں میں جماعتہ الدعوة کے احتجاجی مظاہرے

لاہور (خصوصی نامہ نگار + کے پی آئی) جماعة الدعوة پاکستان کی طرف سے کوٹ بھلوال جیل جموں اور تہاڑ جیل میں پاکستانیوں پر حملوں کے خلاف چوبرجی چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سکولز، کالجز، یونیورسٹیز کے طلبا سمیت وکلائ، تاجروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاءکی جانب سے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہر ہ میں شریک افراد نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ہندوستان میں معصوم اور بے گناہ پاکستانیوں پربزدلانہ حملے ریاستی دہشت گردی ہے، بھارت سے رشتہ کیا، نفرت کا انتقام کیا، حکمرانوں کیا ہمارے پیاروں کی بھی لاشیں ہی آئیں گی؟، بھارتی جیلوںمیں قید پاکستانیوں کے تحفظ کا ذمہ دار کون؟عبدالجبا ر پر قاتلانہ حملہ بزدل ہندو بنئے کی کارروائی ہے جیسی تحریریں درج تھیں۔ احتجاجی مظاہرہ میں بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔ جماعة الدعوة کی طرف سے راولپنڈی سمیت دیگر کئی شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ چوبرجی چوک ہونےو الے مظاہرہ سے امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید، امیر جماعة الدعوة لاہور مولانا ابو الہاشم، الامة لائرز فورم کے کنوینر طاہر شکیل ایڈووکیٹ، تحریک حرمت رسول ﷺ کے رہنما مولانا محمد ادریس فاروقی،المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے امیرانجینئر محمد حارث، حافظ محمد شعیب و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہندوستانی جیلوں میں مسلمانوں پر ہونے والے حملوں میں بھارتی حکومت اوراس کی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں۔پاکستانی سکیورٹی ایجنسیاں پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاسوں میں یہ باتیں کہتی رہی ہیں کہ پاکستان میں ہونے والی تمام دہشتگردانہ کاروائیوں میں بھارتی خفیہ ادارے ملوث ہیںاور اب جبکہ بھارتی حکومت نے دہشتگرد سربجیت سنگھ کو قومی ہیرو قرار دیکر سرکاری اعزازات سے نوازا ہے۔ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت سرکاری سرپرستی میں پاکستان میں دہشتگردی کروا رہاہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان کیمرہ اجلاسوں سے نکل کر دنیا کے سامنے اصل حقائق لائے جائیںاور دنیا کو بھارت کے اصل کردار سے آگاہ کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ غیور پاکستانی قوم ملک کو بھارتی منڈی نہیں بننے دے گی اور نہ ہی لاکھوں مسلمانوں کے قاتل بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دیا جا سکتا ہے۔ حکمران اس حوالہ سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں‘ مجرمانہ خاموشی اختیار کرنا ظالموں کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ امریکہ سے دوستیاں نبھانے والوں کوڈرون حملے کیوں نظر نہیں آتے؟ پاکستان میں ہونےو الے خودکش حملوں ، تخریب کاری اور دہشت گردی میں بھارت اور امریکہ ملوث ہیں۔ امیر جماعة الدعوة لاہور مولانا ابو الہاشم، الامة لائرز فورم کے رہنما طاہر شکیل ایڈووکیٹ، مولانا محمد ادریس فاروقی، المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے امیر انجینئر محمد حارث، حافظ محمد شعیب و دیگر نے کہاکہ بھارت نے وطن عزیزپاکستان کے وجود کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا۔ بھارتی جیلوں میں مسلمان قیدیوں پر حالیہ حملے بھی اسلام، پاکستان اور مسلمان دشمنی میں کئے جارہے ہیں۔ دریں اثناءاحتجاجی مظاہرہ سے قبل امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران کہاکہ حکومت پاکستان بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں پر حملوں کا مسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھائے اور بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دلوانے کیلئے باقاعدہ قرارداد پیش کی جائے۔ ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قیدیوں کے تشدد سے زخمی ہونے کے بعد پاکستانی قیدی ثناءاللہ کی شہادت پر کوٹ بھلوال جیل میں دوسرے پاکستانی قیدیوں نے شدید احتجاج کیا۔ اطلاع ملتے ہی وہاں مقید17پاکستانی قیدیوں نے بھارت کیخلاف زبردست نعرے لگائے۔ جواب میں بھارتی قیدیوں نے بھی مخالفانہ نعرے بازی شروع کردی۔ جیل میں کشیدگی پیدا ہونے پر جیل کے عملہ نے مداخلت کرکے ماحول کو پُر سکون کردیا۔ مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس کی کال پر سرینگر سمیت ریاست بھر میں ثناءاللہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ کشمیریوں نے احتجاج کے دوران کئی مقامات پر جلسے، جلوس اور مظاہرے کیے گئے جبکہ کشمیر بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر وکلاءنے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ حرےت قائدےن سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق ،محمد یاسین ملک اور کشمیر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ثناءاللہ کی شہادت پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کی عالمی اداروں سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب کٹھ پتلی وزیراعلی مقبوضہ کشمیر عمر عبداللہ نے بھی پاکستانی قیدی کی شہادت کو ایک افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے ثناءاللہ کے لواحقین سے باضابطہ طور پر معذرت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن