عوامی تحریک کے مختلف شہروں میں دھرنے، قوم نے کرپٹ نظام مسترد کر دیا: طاہر القادری
لاہور(خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران) عوامی تحریک نے موجودہ نظام انتخاب کے خلاف گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت سمیت 300 شہروں میں پرامن دھرنے دئےے، لاہور میں مسجد شہدا ءسے پنجاب اسمبلی تک دھرنے میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پولیس کے علاوہ عوامی تحریک یوتھ ونگ کے نوجوانوں نے دھرنے کی سکیورٹی کی خدمات انجام دیں۔ دھرنے کے مقامات کے داخلی راستے پر واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے تھے۔ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے ماڈل ٹاﺅن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا جو ملک میں 300 مقامات سمیت دنیا بھر میں 150 سے زائد ممالک میں ہونیوالے دھرنوں میں براہ راست سنا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نظام انتخاب کے خلاف کامیاب دھرنوں کی شکل میں زور دار آواز اٹھی ہے جو ملک میں حقیقی تبدیلی تک جاری رہے گی۔ ساری سیاسی جماعتیں سٹیٹس کو کے نظام کو بچانے اور پاکستان عوامی تحریک تنہا اس کرپٹ نظام کو گرانے کےلئے کھڑی ہے۔کرپٹ اشرافیہ استحصالی نظام سمیت ٹھو کر سے اڑانا ہو گا اور قوم کو دھوکہ دینے والے نظام کا جنازہ اٹھانا ہو گا۔ انہوں نے کہا موجودہ نظام کسی ایک پارٹی کو کبھی بھی اکثریت میں نہیں آنے دے گا۔ قوم میری بات یاد رکھے تبدیلی کی بات کرنیوالے بھی بدعنوانی کے ساتھ ملیں گے۔ سیاسی جماعتیں آج سے رونا شروع کریں گی اور مئی کے آخر تک جو خوفناک ہارس ٹریڈنگ ہو گی اس کے بعد پوری قوم چیخے گی اور میری کہی باتوں کو یاد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو جماعتیں ہمارے اصولی موقف کی مخالف تھیں وہ آج خود انتخابات کا بائیکاٹ کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ بکنا اور خریدنا موجودہ نظام کے بنیادی جزو ہیں اس لئے ایک ایک سیٹ کروڑوں روپے سے لے کر ایک ارب تک خریدی جائے گی۔ میں ایسا پاکستان چاہتا ہوں جو اپنی خوشحالی اور خود مختاری کےلئے دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت کو ’نو‘ کہہ سکے۔ دریں اثناءفیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق عوامی تحریک کے 20 ہزار سے زائد کارکنوں نے دھوبی گھاٹ میں انتخابی نظام کیخلاف دھرنا دیا۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے ہدایت رسول شاہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکا دھرنا سے خطاب کیا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی ایس چوک پر عوامی تحریک کے کارکنوں نے دھرنا دیا جو شام گئے تک پرامن جاری رہا۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق یہاں بھی مختلف پولنگ سٹیشنوں کے قریب عوامی تحریک کے کارکنوں کے کیمپ لگا کر دھرنے جاری رہے جن میں الحاج منظور احمد، مشتاق سہیل اور دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔ گوجرہ سے نامہ نگار کے مطابق عوامی تحریک کے کارکنوں نے ٹی بی ہسپتال گراﺅنڈ کچا گوجرہ چوک میں دھرنا دیا، تحصیل نگران منور احمد باجوہ نے دھرنے کی قیادت کی۔ شام کو دھرنے کے شرکاءپرامن منتشر ہو گئے۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق عوامی تحریک کے کارکنوں نے جھنگ روڈ پر دھرنا دیا جس میں ساجد محمود بھٹی، سردار جمعہ خان، محمود احمد حسین، حکیم ارشد علی خان اور دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔ ہارون آباد سے نامہ نگار کے مطابق ہارون آباد کے فوارہ چوک پر عوامی تحریک کے کارکنوں نے دھرنا دیا جس میں مرد اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق عوامی تحریک کے ہزاروں کارکنوں نے چوک علامہ اقبال میں شدید گرمی کے باوجود سارا دن دھرنا دیا۔نارووال سے نامہ نگار کے مطابق عوامی تحریک کی جانب سے نارووال سرکلر روڈ پر شرکاءنے احتجاجی دھرنا دیا جس میں ہزاروں مرد، جوان، بوڑھے، خواتین اور بچے شریک تھے۔ شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک پنجاب کے سینئر نائب صدر خان عبدالقیوم خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت 100 انتخابات بھی ہو جائیں تو قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی جب تک اسمبلیوں میں باکردار اور محب وطن پاکستانی نہیں پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پرامن جدوجہد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں جاری رہے گی۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق عوامی تحریک کے کارکنوں نے جادہ جہلم کے مقام پر دھرنا دیا جس میں شیخ زاہد فیاض، تنویر احمد سندھو، سلیم احمد چودھری اور دیگر رہنماﺅں نے بھی شرکت کی۔