ممبر الیکشن کمشن اور صوبائی الیکشن کمشنر کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کے دورے
لاہور (خبرنگار) ممبر الیکشن کمشن پنجاب جسٹس (ر) ریاض کیانی اور صوبائی الیکشن کمشنر محبوب انور نے گزشتہ روز لاہور کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور ووٹنگ کے جاری عمل کا جائزہ لیا۔ جسٹس (ر) ریاض کیانی اور محبوب انور نے دیال سنگھ کالج گوالمنڈی، کمپری ہینسو ہائی سکول گھوڑے شاہ، ڈی پی ایس بوائے جونیئر سکول زیڈ بلاک، ڈی پی ایس سکول فار گرلز سیکٹر ایس ڈیفنس کا دورہ کیا۔ انہوں نے پولنگ سٹیشن کے باہر کھڑے نوجوانوں کو اندر پولنگ سٹیشن میں جانے یا دور جانے کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر ڈیفنس میں پولنگ سٹیشن پرموجود نوجوان ووٹرز کا کہنا تھا کہ وقت کم رہ گیا ہے۔ ووٹ کیسے ڈال سکیں گے۔ جس پر ممبر الیکشن کمشن اور صوبائی الیکشن کمشنر نے وضاحت کی کہ پولنگ کا وقت ختم ہونے پر جتنے بھی ووٹر پولنگ سٹیشن بھی موجود ہوں گے وہ ووٹ ڈال سکیں گے۔ انہوں نے پریزائیڈنگ افسران سے کہا کہ وہ اپنا کام تیزی سے نبٹائیں۔