• news

فیصل آباد : لڑائی جھگڑے کے اکا دکا واقعات‘ گاڑی تلے کچلے جانے سے بچہ جاں بحق‘ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی پٹائی

فیصل آباد : لڑائی جھگڑے کے اکا دکا واقعات‘ گاڑی تلے کچلے جانے سے بچہ جاں بحق‘ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی پٹائی

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد سٹی ڈسٹرکٹ میں قومی اسمبلی کے 10 اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں کے لئے قائم کردہ 3161 پولنگ سٹیشنوں کے 8354 پولنگ بوتھ پر پولنگ کا عمل پرامن انداز میں جاری رہا۔ اکا دکا مقامات پر معمولی لڑائی جھگڑے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ پی پی 64 کے علاقہ ٹوٹیاں میں پی پی کے امیدوار ندیم آفتاب سندھو کی گاڑی کے نیچے 8 سالہ بچہ امیر حمزہ آکر جاںبحق ہو گیا۔ دیہاتیوں نے ندیم سندھو کی پٹائی کر دی۔ پیپلز پارٹی کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 65 میں امیدوار راجہ ریاض احمد خاں کے حامیوں اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار الیاس انصاری کے حامیوں میں پی پی 65 کے دو مقامات پر معمولی جھگڑے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ پی پی 68 میں آزاد امیدوار شفیق گجر اور دوسرے آزاد امیدوار شیخ محمد یوسف کے حامیوں کے درمیان یونین کونسل 245 میں جھگڑا ہوا جہاں پولیس نے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔ شیخ محمد یوسف نے الزام عائد کیا کہ شفیق گجر مبینہ طور پر پولیس کی ملی بھگت سے دھاندلی کروا رہے تھے اور جب منع کیا گیا تو جھگڑا ہو گیا اور پولیس نے جانبداری کا مظاہرہ کیا۔ سٹی ڈسٹرکٹ میں اوسطاً پولنگ سٹیشنز پر ووٹ کاسٹ کرنے کی شرح 60 سے 70 فیصد کے درمیان گردش کرتی رہی۔ پولنگ سٹیشنوں پر مرداور خواتین کی بڑی تعداد کے ساتھ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں قطار میں کھڑے ہو کر اپنی ووٹ کی طاقت کا استعمال کرتے رہے تاہم الیکشن کمشن کی طرف سے پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا ٹائم شام پانچ بجے سے شام چھ بجے تک بڑھانے کے باوجود بیشتر پولنگ سٹیشنوں پر شام پانچ بجے کے بعد ووٹرز کو ووٹ کاسٹ نہیں کرنے دیئے گئے ڈویژنل کمشنر اور ڈی سی او نے بھی شہر کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا۔فیصل آباد میں گیارہ مئی کی صبح فوج اور رینجرز کے خصوصی دستوں نے پولیس کے ساتھ فلیگ مارچ کیا اور سارا دن شہر بھر میں گشت کرتے رہے۔ اس دوران ووٹرز لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے اپنی باری کا انتظارکرتے رہے تاہم ہر پولنگ سٹیشن پر صرف ایک پولیس اہلکار تعینات تھا جو نہ تو ووٹرز کو قطاروں میں لگانے کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا سکتا تھا اور نہ ہی پولنگ ایجنٹ میں ہونے والی لڑائی جھگڑے کو روکنے میں کامیاب ہو سکتا تھا تاہم اس غیر محفوظ ماحول میں بھی پولنگ جاری رہی اور کہیں بھی زیادہ دیر تک پولنگ رکنے کی اطلاع نہیں ملی۔ شام 6 بجے تک جاری رہنے والی پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی شرو ع ہوئی اوررات گئے تک گنتی جاری رہی۔ حلقہPP-67 میں تھانہ بٹالہ کالونی کا علاقہ محلہ دستگیر پورہ کے پولنگ سٹیشن میں معمولی جھگڑا ہو ا جس پر DSPبٹالہ کالونی جاوید احمد خان نے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولنگ کا عمل تھوڑی تاخیر کے بعد دوبارہ شروع کرا دیا گیا۔ تھانہ صدر جڑانوالہ میں پولنگ سٹیشن چک نمبر123گ۔ ب پر مسلم لیگ (ن) کے وسیم احمد اور پی پی پی کے سلیم، طالب، وارث اور ذوالفقار وغیرہ کے درمیان جھگڑا ہوا جس پر پولیس نے انہیں پولنگ سٹیشن سے باہر بھیج دیا جس کی رنجش پر طالب، سلیم ، ذوالفقار وغیرہ نے فائر کر کے وسیم کو زخمی کر دیا جس پر SHOجڑانوالہ صدر انسپکٹر ناصر عباس نے طالب کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ مدعی وسیم پارٹی کی جانب سے تحریری درخواست آنے پر حسب ضابطہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
امیدوار پٹائی

ای پیپر-دی نیشن