مقبوضہ کشمیر : ثناءاللہ کی شہادت پر کوٹ بھلوال جیل میں پاکستانی قیدیوں کا مظاہرہ‘ بھوک ہڑتال کر دی‘ بھارت مخالف نعرے
مقبوضہ کشمیر : ثناءاللہ کی شہادت پر کوٹ بھلوال جیل میں پاکستانی قیدیوں کا مظاہرہ‘ بھوک ہڑتال کر دی‘ بھارت مخالف نعرے
سرینگر / نئی دہلی (اے پی اے) ثنا اللہ کی شہادت پر کوٹ بھلوال جیل جموں کے قیدیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارت مخالف نعرے لگائے،کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جیل انتظامیہ نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔جیل میں پاکستانی نظربندوں اور بھارتی قیدیوں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑوں کے واقعات بھی پیش آئے۔ پاکستانی قیدیوں نے بھوک ہڑتال کر دی۔ جیل کے ایک افسر کے مطابق پاکستانی قیدیوں نے کل دوپہر کا کھانا نہیں کھایا۔ ادھرمحکمہ جیل خانہ جات کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا ہے کہ ثنا اللہ کے زیر استعمال جائے نماز ، کپڑے ، کنگھی ، سلیپر اور روز مرہ استعمال کی دیگر اشیا چندی گڑھ بھجوا دی گئی ہیں۔ادھر انسانی حقوق کی تنظیم ایشین سینٹر فارہیومن رائیٹس (اے سی ایچ آر) نے بھارت کو پاکستانی قیدیوں کی سلامتی اور تحفظ میں ناکامی کا ذمے دار ٹھہراتے ہوئے پاکساتی قیدی ثنا اللہ کے حراستی قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔اے سی ایچ آر نے انڈین نیشنل ہیومن رائیٹس کمیشن سے کہا ہے کہ عدالتی تحقیقاتی رپورٹ ایک ماہ کے اندر اندر عوام کے سامنے لائی جائے۔ ہیومن رائیٹس کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ثنا اللہ کا حراستی قتل انتہائی شرمناک ہے۔ انھوں نے کہا کہ لاہور کی جیل میں بھارتی جاسوس سربجیت کے قتل کے بعد بھارت میں موجود پاکستانی قیدیوں پر حملوں کے خدشات بڑھ گئے تھے لیکن بھارتی حکومت ان قیدیوں کو تحفظ دینے میں ناکام رہی۔ تنظیم نے ثنااللہ کے اہل خانہ کیلیے 25لاکھ روپے کی امداد دینے کی بھی سفارش کی ہے۔
قیدی احتجاج