اسٹیبلشمنٹ کو ایم کیو ایم کا مینڈیٹ پسند نہیں تو کراچی کو پاکستان سے علیحدہ کر دے: الطاف
اسٹیبلشمنٹ کو ایم کیو ایم کا مینڈیٹ پسند نہیں تو کراچی کو پاکستان سے علیحدہ کر دے: الطاف
لندن (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کو کراچی اور عوام کا مینڈیٹ پسند نہیں تو پاکستان سے علیحدہ کردیا جائے۔ کراچی اور اسکے عوام کو گالی دینے کی بجائے پاکستان سے علیحدہ کردیا جائے۔ 65 سالہ تاریخ میں اتنے لوگ باہر نہیں آئے جتنے اس دفعہ ووٹ ڈالنے آئے۔ ایم کیو ایم کو انتخابی مہم نہیں چلانے دی گئی، اس کے باوجود انتخابات میں حصہ لیا۔ ایم کیو ایم نے 35 سالہ جدوجہد میں 35 ہزار سے زیادہ لاشیں اٹھائیں۔ کارکنوں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں ناکردہ جرم کا الزام ایم کیو ایم پر تھونپ دیا جاتا ہے۔ کراچی اور اس کے عوام سے نفرت بند نہ کی گئی تو یہ آگ پورے پاکستان کو جلا دیگی۔ کراچی میں رہنے والے اردو بولنے والے، سندھی، پٹھان اور پنجابی بھائی بھائی ہیں۔ الطاف حسین کے فلسفے پر یقین رکھنے والا گردن کٹا دیگا مگر ایسے پاکستان میں رہنا پسند نہ کریگا۔ ملک بھر میں ایم کیو ایم کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں کہ وہ آگ سے کھیل رہے ہیں، جتنا برا بھلا کہنا ہے شواہد اور ثبوت کے ساتھ کیا جائے، تین تلوار پر مظاہرہ کرنے والے ڈرامہ کر رہے ہیں، کارکنوں کو ابھی حکم کروں تو تین تلوار والوں کو چھلنی کر دیں گے۔ میں کسی کو دھمکی نہیں دے ر ہا اور نہ دیتا ہوں، دھمکی بدل دیتے ہیں، بہادر میدان میں آ کر مقابلہ کرتے ہیں۔ اگر ایم کیو ایم نے دھاندلی کی تو سونامی کا طوفان پنجاب میں کہاں غائب ہو گیا۔ مخالفت بند نہ ہوئی تو اپنے ساتھیوں کی مٹھیاں کھولنے والا ہوں۔ ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، آئین اور قانون کیخلاف کراچی میں حلقہ بندیاں ہوئیں۔ جن قوموں کو دیوار سے لگایا جاتا ہے وہ اپنا گھر خود بنا لیا کرتی ہیں۔ صبر کی ایک حد ہوتی ہے، دیکھیں گے کہ کراچی میں کتنے سورما دادا گیری کرتے ہیں۔ ہماری جماعت میں غلط کام کرنے والے کو نکال دیتے ہیں۔ کراچی کے لوگ تیار ہو جائیں ایک ہفتے میں کال دوں گا۔ کوئی گالیاں دیتا ہے تو بہن کی گالیاں ہم بھی دیں گے۔ الیکشن کمشن سے مطالبہ کرتا ہوں کہ دیانتداری سے فیصلہ کرنا، کہیں کمشن کا حال وہ نہ ہو کہ انہیں رہنے کیلئے جگہ نہ ملے۔ جس نے بھی پروپیگنڈہ کیا اس کے ساتھ عوام کی جنگ ہو گی۔ عوام کی جنگ ہوئی تو الطاف حسین کو الزام نہ دیا جائے۔ غلط رویئے سے الگ ملک کا رجحان مت ڈالو ورنہ معاملہ میرے ہاتھ سے نکل جائیگا۔ خدارا کراچی سے نفرتیں بند کر دی جائیں، ہم مذہبی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی چاہتے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں پاکستان بھر سے کامیابی حاصل کرینگے۔
الطاف حسین