• news

نوابشاہ : متحدہ اور پیپلز پارٹی کے حامیوں میں تصادم‘ 3 افراد ہلاک‘ فوج آ گئی

نوابشاہ : متحدہ اور پیپلز پارٹی کے حامیوں میں تصادم‘ 3 افراد ہلاک‘ فوج آ گئی

نوابشاہ (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) نوابشاہ میں انتخابی نتائج آنے کے بعد پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے حامیوں کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی۔ دونوں طرف کے مسلح افراد کی فائرنگ سے 24 گھنٹے میں تین افراد جاں بحق 12 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر آغا ناصر کے مطابق شہر میں ہنگامہ آرائی اور تصادم کے بعد فوج اور رینجرز کو تعینات کردیا گیا۔ نوابشاہ میں دو روز سے کاروبار زندگی معطل اور ٹرانسپورٹ غائب ہے۔ مسلح افراد کے شہر میں گشت کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے تاہم فوج نے گزشتہ شام طلب کئے جانے کے بعد کشیدہ علاقوں میں گشت شروع کردیا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں پارٹیوں کے حامیوں میں شدید تناﺅ پایا جا رہا ہے۔ شہر میں امن و امان کی حالت انتہائی خراب بتائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کشیدگی پولنگ کے دوران ایک پولنگ سٹیشن پر مسلح تصادم سے شروع ہوئی جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں پریس کلب روڈ پر دو گروپوں میں تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک سیاسی جماعت کا یونٹ کمیٹی ممبر غلام رسول اور دیدار گوپانگ گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے جبکہ 8 افراد شدید زخمی ہوگئے ہلاکتوں کے بعد شہر بھر میں زبردست ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا اور کاروبار مکمل طور پر بند ہوگیا شہر بھر کی سڑکوں کو رکاوٹیں ڈال کر بند کردیا گیافائرنگ کے موقع پر شہریوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ بعدازاں شہر کے مختلف علاقوں میں بھی ایک دوسرے پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔نامعلوم افراد کی جانب سے ایک رکشہ کو آگ لگادی گئی۔ پولیس نے بلوے کرنے کے الزام میں کئی افراد کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آغا ناصر نے بتایا کہ خراب صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ امن و امان کی بحالی تک فوج تعنیات رہے گی۔
وزارت داخلہ کی امن و امان اور سکیورٹی کیلئے قائم خصوصی سیل میں ملکی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ جاری
اسلام آباد (آئی این پی) وزارت داخلہ کی طرف سے عام انتخابات کے موقع پر ملک میں امن و امان اور سکیورٹی کیلئے قائم کئے گئے خصوصی سیل میں اتوار کو بھی ملک بھر کی صورتحال کی مانیٹرنگ کی جاتی رہی۔ وزارت داخلہ کے خصوصی سیل صدر زرداری اور نگران وزیر اعظم کوانتخابی مہم کے آغاز سے لیکر اب تک ملک بھر کی سکیورٹی کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس ارسال کر رہا ہے ۔ اتوار کو ذرائع کے مطابق وفاقی وزاررت داخلہ میں قائم الیکشن سکیورٹی سیل نے صدر مملکت اور نگران وزیر اعظم کو انتخابی مہم سے لیکر پولنگ ڈے تک ملک بھر میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ سکیورٹی سیل میں صوبوں سے انٹیلی جنس شئیرنگ سمیت چوبیس گھنٹے سکیورٹی صورتحال کی مانیٹرنگ کی جاتی رہی جبکہ یہ سیل دہشت گردی کے واقعات اور امن و امان سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس صدر اور وزیر اعظم کو بھی ارسال کرتا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن