• news

چیمپئنز ٹرافی میں پول آسان نہیں‘ اچھا کھیلیں گے: مصباح الحق

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم بلند عزائم لئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آخری ایونٹ میں شرکت کرنے آج رات لاہور سے راونہ ہوگی۔ قومی ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت سے قبل سکاٹ لیند اور آئر لینڈ کے خلاف دو دو ون ڈے میچز میں حصہ لے گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم قوم کو اچھا رزلٹ فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد کے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کو ایک ساتھ رہ کر اچھی پریکٹس کا موقع ملا ہے۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل سکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے سے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل میچز کی بھرپور پریکٹس مل جائے گی۔ انگلینڈ میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کا پول آسان نہیں ہے تاہم کھلاڑی پُرامید ہیں کہ وہ آئی سی سی کے زیراہتمام ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے آخری ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ پاکستان ٹیم دورہ یورپ کا آغاز سکاٹ لینڈ سے کرے گی جہاں وہ دو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔ سکاٹ لینڈ کے خلاف پہلا ون ڈے 17 مئی کو جبکہ دوسرا میچ 19 مئی کو کھیلے گی۔ بعدازاں قومی ٹیم آئرلینڈ روانہ ہو جائے گی جہاں 23 اور 26 مئی کو ڈربن میں دو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 27 مئی کو انگلینڈ پہنچے گی جہاں وہ 6 جون سے شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن