شمالی وزیرستان : بس میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 15 مسافر زندہ جل گئے
شمالی وزیرستان (نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں بس میں گیس سلنڈر پھٹنے اور آگ لگنے سے سے 15 افراد زندہ جھلس کر جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کھجوری چیک پوسٹ کے قریب مسافر بس جیسے ہی پہنچی گیس سلنڈر اچانک پھٹا اور دھماکے سے بس میں آگ لگ گئی۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد کیلئے منتقل کر دیا۔بتایا گیا ہے کہ بس بنوں سے شمالی وزیرستان آرہی تھی کہ اس میں فٹ گیس کا ناقص سلنڈر پھٹ گیا دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ زخمیوں میں 4 کی حالت نازک بیان کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق سلنڈر پھٹنے کی وجوہات کے بارے میں وہ وثوق سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔