خےبر پی کے سے تحریک انصاف کی کامیابی‘ عمران خان کو بھی مشکل میں ڈال گئی
پشاور (اے پی پی) صوبہ خیبر پی کے سے تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد عمران خان کی پریشانی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ مرکز میں وہ اپوزیشن لیڈر بننے جا رہے ہیں تو دوسری جانب ان کی جماعت تحریک انصاف صوبے میں مخلوط حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔ گیارہ مئی کے عام انتخابات میں عمران خان کی توقع سے بڑھ کر صوبہ خیبر پی کے کے عوام نے ان کی جماعت پر اعتماد کا اظہار کیا اور صوبے میں 31 نشستوں پر ان کے امیدواروں کو کامیاب کرایا جبکہ عمران خان خود بھی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ون سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں۔ اگرچہ حلقہ این اے ون میں عمران خان انتخابی جلسہ بھی نہیں کر سکے تھے تاہم اس کے باوجود یہاں کے عوام نے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ حلقہ این اے ون سے بھاری اکثریت سے کامیابی پر صوبہ خیبر پی کے کے عوام اس بات کی توقع کر رہے ہیں کہ اس بار قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کا تعلق خیبر پی کے سے ہو گا تاہم خود عمران خان کے لئے بھی یہ بات حیران کن ہے کہ وہ اپنے آبائی حلقہ کی سیٹ وہ اپنے پاس رکھیں یا پھر این اے ون پشاور کی نشست اپنے ساتھ رکھیں۔