• news

سندھ میں زرداری اور امین فہیم خاندان کے تمام افراد کامیاب گھوٹکی میں مہر برادران جیتے: بی بی سی

کراچی (بی بی سی) مسلم لیگ (ن) اور تحریکِ انصاف کے جادو کا اثر صوبہ سندھ میں سر چڑھ کر نہیں بول سکا۔ دوسرے صوبوں کے برعکس یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کی گرفت مضبوط رہی ہے۔گھوٹکی، سکھر، لاڑکانہ، قنبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، کشمور/کندھ کوٹ، نوابشاہ، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہ یار، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ، جام شورو اور دادو اضلاع میں پاکستان پیپلز پارٹی نے غیر سرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی تمام نشستیں سمیٹ لی ہیں۔ انتخابات میں صدر آصف علی زرداری کے خاندان کے تمام افراد کامیاب ہوگئے ہیں۔ ان کی بہن ڈاکٹر عذرا پیچوہو نوابشاہ سے، دوسری بہن فریال تالپور قمبر شہداد کوٹ سے اور زرداری کے بہنوئی میر منور تالپور ڈگھڑی کوٹ غلام محمد سے قومی اسمبلی کے امیدوار تھے۔ سندھ کے مخدوم خاندان نے بھی کامیابی حاصل کی ہے، پاکستان پیپلز پارلیمینٹرین کے سربراہ مخدوم امین فہیم قومی اور ان کے بھائی مخدوم رفیق اور بیٹے مخدوم جمیل الزماں صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ مخدوم امین کے ایک اور بیٹے مخدوم نعمت اللہ کو ننگرپارکر شہر کی نشست پر برتری حاصل تھی۔ گھوٹکی کی دونوں قومی اسمبلی کی نشستوں پر مہر برادران علی گوہر مہر اور علی محمد مہر نے کامیابی حاصل کی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق سپیکر الٰہی بخش سومرو ہار گئے، وہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 208 سے امیدوار تھے۔ غوث علی شاہ کو قومی اور صوبائی نشستوں پر شکست ہوئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن