الیکشن میں دھاندلی ہوئی نتائج فوری روکے جائیں: فخر امام
ملتان ( آئی این پی ) سابق سپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سید فخر امام نے کہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ان کے انتخابی نتائج فوری روکے جائیں۔میرے حلقہ این اے 156میں ریٹرننگ آفیسر نے پریذائیڈنگ افسران کیساتھ ملکر انتخابی نتائج میں ردو بدل کیا۔ اتوار کو یہاں ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید فخر امام نے کہا کہ حلقے میں دھاندلی بارے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کردیا اور ان سے مطالبہ کیا ہے ان کے حلقے میں انتخابی نتائج کو روک دیا جائے اور انکوائری کرائی جائے۔ فخر امام نے کہاکہ 2008ءکے الیکشن میں بھی ان کے ساتھ دھاندلی ہوئی تھی جس کے بارے میں ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی اور اس کی سماعت پونے تین سال ہوئی سوا دو سال سے فیصلے کا اعلان نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور الیکشن کمیشن سے گزارش کروں گا کہ وہ دھاندلی کا فوری نوٹس لیں۔