نئی حکومت کیساتھ تعاون کرینگے: امریکی سفیر‘ مسلم لیگ ن کی برتری خوش آئند ہے: چین
اسلام آباد (اے پی اے) امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے نواز شریف کو عام انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے یقین دلایا ہے امریکہ نئی حکومت کیساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔ امریکی سفیر نے نواز شریف کو فون کرکے امریکی صدر‘ امریکی وزیر خارجہ اور امریکی حکومت کی طرف سے دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ امریکی سفیر نے نواز شریف کو یقین دلایا پاکستان کی توانائی سمیت دیگر شعبوں میں مشکلات کے خاتمے کیلئے مدد دی جائے گی۔ مزید برآں چین نے کہا ہے پاکستان میں استحکام اور ترقی کیلئے کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ چین نے عام انتخابات کے پ±رامن انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنا یہ عزم دہرایا وہ پاکستان میں استحکام اور ترقی کے لئے کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ چینی دفتر خارجہ کے ترجمان لیونگ لی نے اپنی معمول کی پریس بریفنگ میں بتایا چین کو خوشی ہے پاکستان میں عام انتخابات پ±رامن ماحول میں منعقد ہوئے۔ ترجمان نے مسلم لیگ (ن) کی واضح برتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا چین پاکستان میں استحکام اور ترقی کیلئے کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور ہم اس بات پر متفق ہیں مشترکہ کوششوں کے ذریعے پاک چین سٹریٹجک تعاون پارٹنر شپ کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔