منموہن سنگھ کو فوری دعوت قدرے غیر محتاط پیشرفت ہے: ذرائع
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) من موہن سنگھ نے پاکستان آنے کی حامی بھر لی تو وہ کسی پاکستانی وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے والے پہلے بھارتی سربراہ حکومت ہوں گے۔ واضح رہے کہ مرکز میں اکثریت حاصل کرنے والی مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف نے بھارتی وزیراعظم کو اپنی تقریب حلف برداری میں مدعو کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کا بیان ہر اعتبار سے نئی اطلاع تھی جسے میڈیا کے ذریعے موصول ہونے کے بعد بھارتی وزیر اعظم کی پاکستان آمد کے امکانات کا جائزہ لینا شروع کیا گیا۔ اس ذریعہ کے مطابق پڑوسی ملکوں خصوصاً بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کی کوشش بہت خوش آئند ہے لیکن پاکستان بھارت تعلقات کی نزاکتوں کے پیش نظر ممکنہ وزیر اعظم کی طرف سے من موھن سنگھ کو سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر دورہ پاکستان کی فوری دعوت دینے کا اقدام قدرے غیر محتاط پیشرفت ہے۔