ایوان صدر میں چینی وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ 22 مئی کو ہوگا نوازشریف کو شرکت کا دعوت نامہ بھجوا دیا گیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایوان صدر میں چینی وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ 22 مئی کو ہو گا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف کو عشائیے میں شرکت کا دعوت نامہ بھجوا دیا گیا۔ ایوان صدر میں آصف زرداری، نوازشریف اور آرمی چیف آمنے سامنے ہوں گے۔ مسلح افواج کے سربراہان، نگران وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان بھی شرکت کریں گے۔آئی این پی کے مطابق چینی وزیراعظم لیکی گیانگ اپنے دورہ پاکستان کے دوران سینٹ کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ چینی وزیراعظم کا اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے یہ دورہ چینی وزیراعظم کو پاکستان کی نئی قیادت سے ملنے کا موقع فراہم کریگا۔