پارلیمینٹ کی سستی ہے، سرکاری افسروں کو سزا دینے کے قواعد نہیں بنائے: طاہر مشہدی
اسلام آباد(آئی این پی+ این این آئی) سینیٹ میں قواعدو ضوابط اور استحقاق کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئر مین سینیٹر کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی نے کہا ہے کہ یہ پارلیمنٹ کی اپنی سستی ہے کہ اس نے ذمہ دار سرکاری افسروں کو سزادینے کیلئے قواعد مرتب نہیں کئے ، جبکہ وزیر قانون احمر بلال صوفی نے کہا کہ سزا اور جزا ءکو لاگو کیا جائے تو بیورو کریسی کی کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے ۔منگل کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کرنل(ر) طاہر مشہدی کی زیر صدارت ہوا۔وفاقی وزیر قانون وانصاف احمر بلال صوفی ، سیکرٹری داخلہ اوردیگر اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔ کمیٹی نے نادرا کی طر ف سے سینیٹر زاہد خان کے سوالوں کے جواب نہ دینے کے حوالے سے استحقاق مجروح ہونے کا معاملہ زیر غورلایا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ معاملہ ان کے بس میں نہیں گویا پیچھے کوئی ہیوی ویٹ تھا۔سینیٹر حاجی محمد عدیل نے کہا کہ وقفہ سوالات کے دوران سینیٹروں کے بیشتر سوالوں کے جواب میں "جواب موصول نہیں ہوا"لکھا ہوا ملتا ہے حالانکہ آئین کے تحت حکومت سینیٹ کے سامنے جوابدہ ہے۔