• news

دھاندلی کیخلاف کل خیبر پی کے میں مظاہروں کا اعلان: فضل الرحمان

پشاور + لاہور (نوائے وقت رپورٹ + خصوصی رپورٹر) جے یو آئی ف کے رہنما مولانا عطا الرحمان نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کیخلاف کل 17 مئی کو صوبہ خیبر پی کے بھر میں جے یو آئی کے کارکن مظاہرے کرینگے۔ پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ 19 مئی کو پارٹی کا پارلیمانی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ صوبائی اسمبلی میں اکرم درانی کو پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دریں اثنا جے یو آئی کے ترجمان مولانا امجد خان نے لاہور میں صحافیوں کو بتایا کہ پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پرسوں 18 مئی کو پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے جس میں انتخابات کے بعد کی سیاسی صورتحال دھاندلیوں کی شکایات پر غور کے بعد حکومت سازی کے حوالے سے مختلف جماعتوں سے رابطوں سے متعلق حکمت عملی طے کی جائیگی۔ ادھر ڈی آئی خان میں گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا خیبر پی کے میں حکومت بنانے کیلئے ہم مسلم لیگ (ن) سے رابطے میں ہیں۔ ہمیں 100 سے زائد حلقوں میں دھاندلی کی شکایات موصول ہوئی ہیں ہم نے ملکی بہتری کیلئے مسلم لیگ (ن) کی طرف ہاتھ بڑھایا ہمیں تحریک انصاف سے اچھے کام کی امید نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا منفی تاثر گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ خیبر پی کے میں حکومت سازی کے حوالے سے ہارس ٹریڈنگ کی بدترین مثال قائم کی جا رہی ہے۔ بندر بانٹ اور مک مکا کا الزام لگانے والے آج خود یہی کچھ کرنے میں مصروف ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن