• news

قومی اسمبلی کے 3، خیبر پی کے اسمبلی کے 2حلقوں کے 34پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ ووٹنگ ہو گی

اسلام آباد (خبرنگار+ نوائے وقت نیوز) الیکشن کمشن نے تین قومی اور خیبر پی کے اسمبلی کے دو حلقوں کے 34پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیدیا ہے اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ان حلقوں میں دھاندلی اور جعلی پولنگ کی متعدد درخواستیں الیکشن کمشن کو موصول ہوئی تھیں جن پر الیکشن کمشن نے سماعت کے بعد دوبارہ الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا، درخواست گزاروں نے کمشن کے سامنے دھاندلی کے متعدد ثبوت پیش کئے۔ وقت نیوز کے مطابق الیکشن کمشن نے این اے 269خضدار کے 2پولنگ سٹیشنوں، این اے 46فاٹا کے 21پولنگ سٹیشنوں، این اے 14، پی کے 71کے 4اور پی کے 72کے بھی 4پولنگ سٹیشنوں میں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمشن کے مطابق دوبارہ پولنگ کا حکم ان حلقوں سے ملنے والی شکایات کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے الیکشن کمشن نے کراچی کے حلقے 250کے 45پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کا حکم دیا تھا۔ اس حلقے میں متحدہ قومی موومنٹ کی امیدوار خوش بخت شجاعت اور تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان مقابلہ تھا۔ ادھر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے چودھری نثار کے حلقہ پی پی 6 اور 7 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا حکم دے دیا ہے۔ مذکورہ حلقوں سے چودھری نثار بطور آزاد امیدوار کے کامیاب ہوئے تھے‘ جس پر تحریک انصاف کے امیدوار واثق قیوم نے ریٹرننگ افسر کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست دی تھی۔ دریں اثناءاین اے 250کراچی کے 43پولنگ سٹیشنز 200پر ٹیچرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ پنجاب ٹیچرز ایسوسی ایشن نے کراچی میں تعیناتی سے انکار کر دیا ہے۔ صدر ٹیچرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ جیل جانا منظور ہے کراچی جانا منظور نہیں۔ ای ڈی او ایجوکیشن نے کہا ہے کہ الیکشن ڈیوٹی سے انکار کرنے والے اساتذہ کیخلاف کارروائی ہو گی۔ علاوہ ازیں کراچی کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں نے کراچی کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں فوج کی نگرانی میں ازسرنو انتخابات کرائے جائیں‘ متحدہ کی کھلی دھاندلی کے خلاف جمعہ 17 مئی کو یوم سیاہ منایا جائے گا اور مزار قائد پر دھرنا دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار رہنماﺅںنے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی کی صدار ت میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن میں این اے 250میں دوبارہ پولنگ سے متعلق درخواست کی سماعت 17مئی تک ملتوی کر دی گئی۔حکومت سندھ نے این اے 250 کے کچھ پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ کرانے سے معذرت کرلی۔ حکومت سندھ نے الیکشن کمشن کو ایک خط میں لکھا ہے کہ سکیورٹی وجوہات پر حلقے میں 19 مئی کو انتخابات نہیں کرا سکتے۔

ای پیپر-دی نیشن