• news

دھاندلی: فنکشنل لیگ آج یوم سیاہ منائے گی، مسلم لیگ ن نے حمایت کر دی

کراچی(این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ فنکشنل کے زیر اہتمام سندھ میںعام انتخابات میں دھاندلیوں کے خلاف آج یوم سیاہ منایاجائے گا۔اس ضمن میںمسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری امتیاز احمد شیخ نے بتایا کہ انتخابی عمل میں دھاندلیوں کے خلاف آج سندھ میں ریلیاں نکالی جائےں گی اور دھرنے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات ملک کی تاریخ کے متنازعہ ترین انتخابات ہیں۔ انتخابی نتائج میں تبدیلیاں کی گئیں۔ ہم نے چیف الیکشن کمشنر کو واضح کیا تھا کہ پیپلز پارٹی پری پول ریگنگ کا منصوبہ بنا رہی ہے اور نگران وزیراعلیٰ متنازعہ ہیں لیکن ہماری بات کا نوٹس نہ لیا گیا۔ انہوں نے ٹرانسپورٹر اور کاروباری حضرات سے اپیل کی ہے وہ یوم سیاہ کے موقع پر ٹرانسپورٹ اور کاروبار بندکرکے ہمارا ساتھ دے۔ دریں اثناءمسلم لیگ ن سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ نے صوبے بھر کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے مسلم لیگ فنکشنل کے یوم سیاہ و پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ آج بھرپور احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ 1977ءمیں بھی اسی طرح پیپلز پارٹی نے دھاندلیاں کی تھیں جس پر بعد ازاں سید قائم علی شاہ کو سات برس کے لئے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پورے سندھ میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن