• news

نوازشریف کو دلی مبارکباد‘ مسلم لیگ ن کی اکثریت کھلے دل سے تسلیم کرتے ہیں: الطاف

لندن (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی اے) الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی سے دھرنا ملتوی کرنے کی اپیل کر دی۔ انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن میں دائر درخواست کا فیصلہ آنے تک دھرنا ملتوی کیا جائے۔ تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کو قبول کرتے ہیں۔ انتخابات میں بھرپور کامیابی پر نواز شریف کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مسلم لیگ ن کو ملنے والی اکثریت کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہیں۔ نواز شریف بھی ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کریں، امید ہے وہ پورے ملک کیساتھ انصاف کرینگے۔ میرے کچھ الفاظ صحافیوں کو ناگوار گزرے ہوں تو معذرت کرتا ہوں۔ دریں اثناءمسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم میں انتخابات کے بعد پہلا براہ راست رابطہ ہوا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے بھی ایم کیو ایم کو کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملک کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ 
کراچی (نوائے وقت نیوزایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ میڈیا ایم کیو ایم پر بے بنیاد تنقید کر رہا ہے، میڈیا کو تنقید کی اجازت ہے مگر الزام تراشی برداشت نہیںکی جائیگی۔ تعصب کا سلسلہ بند کیاجائے ورنہ سخت ردعمل ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن سے کراچی میں الیکشن کمشن آفس کے باہر متحدہ کے دھرنے کے شرکاءسے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الطاف حسین نے اینکر پرسنز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تم کو بھاگنے کی جگہ ملے گی نہ تمہارے مالکان کو جگہ ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کتے بھونکتے رہتے ہیں اور کاررواں چلتا رہتا ہے۔الطاف نے کہا کہ اینکر پرسنز تنقید کریں، مگر پاکستان بنانے والوں کی اولادوں پر الزام نہ لگائیں۔ جھوٹے الزامات لگانے کا سلسلہ بند کریں۔ سفید کو سیاہ اور سیاہ کو سفید کرنا یہ جادوگری کسی اور کے ساتھ کرنا متحدہ کے ساتھ نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن