تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کا این اے 48خالی کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد (محمد نواز رضا+وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے این اے 48کو خالی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے پیر صاحب گولڑہ شریف جلال الدین سے باضابطہ طورپر اجازت حاصل کرلی ہے۔ پیر صاحب گولڑہ نے عام انتخابات میں مخدوم جاوید ہاشمی کی حمایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق مخدوم جاوید ہاشمی ملتان کی نشست اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں۔ ادھر مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت نے بھی انجم عقیل کو این اے 48سے تحریک انصاف کے امیدوار کا مقابلہ کرنے کا عندیہ دیدیا ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کے پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لئے ایک بار پھر مسلم لیگی امیدوار سرگرم عمل ہوگئے ہیں۔قومی اسمبلی کے ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی پارٹی ٹکٹ کا اعلان کردیا جائے گا۔دوسری طرف جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم نے بھی این اے 48سے انتخاب لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔