صحافیوں کو دھمکیاں قابل مذمت ہیں میڈیا کوریج بند کردے: شمشاد غوری
کراچی (سٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا کہ مہاجروں پر ہونے والے مظالم اور دہشت گردوں کی دیدہ دلیری اداروں کی سرپرستی کا نتیجہ ہے، جمہوری قوتوں اور میڈیا کو سنگین نتائج کی دھمکیاں اور ملک توڑنے کی ہرزہ سرائی سے بچا جا سکتا ہے۔ چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر لائنز ایریا کے مختلف علاقوں سے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این اے 251اور این اے 255 سمیت کراچی بھر میں دھاندلی کے ذریعے کامیابی حاصل کی گئی اور اب اسی دھاندلی کو چھپانے کیلئے الیکشن کمشن کو یرغمال بنایا جا رہا ہے۔ شمشاد خان غوری نے کہا آج اگر میڈیا کو دھمکیاں دی جارہی ہیں تو اس میں میڈیا کا اپنا بھی قصور ہے۔ اگر دھمکیوں کا مقابلہ باہمی اتحاد سے کیا جائے تو پھر ان کی ہمت نہ ہو ۔ صحافیوں کو دی جانیوالی کھلی دھمکیوں کے بعد اب میڈیا کو بھی ہمت کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور ان کی کوریج بند کرکے انہیں اوقات یاد دلا دینی چاہئے۔