• news

عوامی تحریک ظلم اور استحصال پر مبنی نظام سے نجات دلانے کی جدوجہد جاری رکھے گی: طاہرالقادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے 23 دسمبر سے قبل از الیکشن تک کہا ہوا ایک ایک لفظ سچ ثابت ہوا، میں نے بار ہا کہا تھا کرپٹ نظام کے تحت کبھی تبدیلی نہیں آئے گی۔ ووٹ کا تقدس تبھی قائم رہتا ہے جب انتخابی نظام شفاف ہو، موجودہ نظام کے تحت ووٹ کی حرمت پامال ہوتی ہے۔ آج ہر طرف دھاندلی کا شور اس لئے ہے کہ نظام انتخاب عوام اور ملک دشمن ہے ۔ قومی اسمبلی کیلئے 15اور صوبائی کیلئے 10 لاکھ روپے کے اخراجات کی حد کو امیدواروں نے ہوا میں اڑا دیا۔ غیر آئینی او ر غیر قانونی الیکشن کمیشن کے ہوتے ایسا ہی ہونا تھا۔ کوئی جماعت اور لیڈر نہیں اس ملک کا دشمن کرپٹ سیاسی نظام ہے جو معاشرے کی ڈیڑھ فیصد ایلیٹ کلاس کو مقتدر ہونے کا حق دیتا آ رہا ہے۔ عوامی تحریک نے الیکشن سے قبل قوم اور اداروں کو بھر پور رہنمائی دی اس لئے ہمارا ضمیر مطمئن ہے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک لاہور کے قائدین سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا مختلف سیاسی جماعتوں کے ورکرز بھی موجودہ نظام کے قیدی ہیں۔ عوامی تحریک ظلم اور استحصال پر مبنی نظام سے نجات دلانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ قوم تبدیلی چاہتی ہے تو نظام کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد میں شامل ہو جائے۔

ای پیپر-دی نیشن