پنجاب: مخخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن 26‘ پی ٹی آئی کی 2 خواتین قومی اسمبلی پہنچیں گی
لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) الیکشن کمشن کی طرف سے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کئے گئے نتائج کے مطابق 2013ءکے الیکشن کے بعد مخصوص نشستوں پر متناسب نمائندگی کے ذریعے پنجاب سے قومی اسمبلی میں پہنچنے والی خواتین میںسے مسلم لیگ (ن) کی 26 اور تحریک انصاف کی 2خواتین شامل ہوںگی۔ الیکشن کمشن کے اعلان کردہ نتائج کے مطابق پنجاب کے 36اضلاع سے مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کی 115 نشستیں، تحریک انصاف 8 پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ق 2، 2 جبکہ 12آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ 12آزاد امیدواران کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مخصوص نشستوں کے ذریعے قومی اسمبلی تک پہنچنے والی خواتین کی تعداد 28 تک پہنچ سکتی ہے مگر مسلم لیگ (ن) نے صرف 23خواتین کے نام الیکشن کمشن کو بھجوارکھے ہیںاور یہ بات ابھی تک سوالیہ نشان ہے کہ اگر مسلم لیگ ن مزید خواتین کے نام الیکشن کمشن کو بھجواتی ہے تو انکے کاغذات نامزدگی کس قانون کے تحت جمع ہونگے اور کس کے تحت انکی سکروٹنی ہوگی۔ واضح رہے کہ الیکشن سے قبل ملک کی 18مختلف سیاسی پارٹیوں کی طرف سے قومی اسمبلی کیلئے پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشستوںکیلئے الیکشن کمیشن کو بھجوائی گئی ترجیحی فہرستوں میں123خواتین کے نام شامل تھے ۔ مسلم لیگ ن کی کامیابی کے بعد جہاں انکی فہرست میں خواتین کے نام کم پڑگئے ہیں وہاں دیگر پارٹیوں کی بہت سی نامور خواتین امیدواران قومی اسمبلی تک پہنچنے سے محروم بھی ہوگئی ہیں۔ پنجاب سے 8نشستیں جیتنے کے بعد تحریک انصاف کی زیادہ سے زیادہ 2 خواتین شیریںمزاری اور شعبہ خواتین کی مرکزی صدر منزہ حسن قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہو سکتی ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی طرف سے قومی اسمبلی تک پہنچنے کی اہلیت رکھنے والی خواتین میںمسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ کی انچارج انوشہ رحمن، جعفر اقبال کی صاحبزادی زیب جعفر، طاہرہ اورنگزیب، پروین مسعود بھٹی، عائشہ رضافاروق، مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویزملک، نگہت پروین ، سابق وزیر اعلیٰ کی اہلیہ مجیدہ وائیں، خالدہ منصور، آسیہ ناز تنولی، مشاہداللہ خان کی صاحبزادی ردا خان، سیما محی الدین جمیلی، شہناز سلیم ملک، لیلیٰ خان، عارفہ خالد، ثریا اصغر، شہزادی عمرزادی ٹوانہ، مائزہ حمید گجر، فرحانہ قمر، شاہین شفیق، عفت لیاقت، شازیہ اشفاق مٹو، رومینہ خورشید عالم شامل ہیں۔