علی حیدر کی بازیابی کیلئے نوشہرہ میں آپریشن‘ ایک اغوا کار ہلاک‘ 2 خواتین سمیت 9 گرفتار
نوشہرہ / پشاور/ ملتان (آئی این پی) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لئے نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن کیا،آپریشن میں 2خواتین سمیت 9اغواءکاروں کو گرفتار کیا گیا ،آپریشن میں ایک شخص کو بھی بازیاب کرالیا گیا ،بازیاب ہونے والے شخص کے مطابق اغواءکاروں کے پاس علی حیدر گیلانی موجود ہے اور وہ خیریت سے ہیں، پولیس نے اغواکاروں کے قبضے سے سیٹلائٹ فون اور افغان شناختی کارڈ بھی برآمد کئے گئے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لئے نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آ پریشن کیا۔ آپریشن میں 2خواتین سمیت 9اغواءکاروں کو گرفتار کیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق آپریشن میں ایک اغواءکار ہلاک ہو گیا۔ اغواءکاروں اور بازیاب شخص کو پشاور منتقل کردیا گیا ۔ نوشہرہ میں اکوڑہ خٹک کے علاقے مصدی بانڈہ میں کی گئی کارروائی میں اغواءکار علی حیدر گیلانی کو لے کر فرار ہوگئے ۔ اغواءکاروں کے ٹھکانے سے ایک مغوی شخص عبدالوہاب کو بازیاب کرالیاگیا ۔ ڈی پی او نوشہرہ وقار احمد نے کہا کہ اغواءکار افغان مہاجرین ہیں ۔ ہوسکتا ہے کہ اغواءکاروں نے آگے جا کر علی حیدر گیلانی کو چھوڑ دیا ہو ۔ اغواءکاروں کے ٹھکانے سے خواتین سمیت 9 افراد گرفتار کئے گئے جن میں سے 3کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے ۔ میڈیا رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے یوسف رضاءگیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی نے کہا ہے کہ ہمیں ابھی تک علی حیدر کے بارے میں اطلاع نہیں ہے ، نہ ہی کسی سرکاری اتھارٹی نے کنفرم کیا ہے ہم صرف میڈیا رپورٹس پر تصدیق نہیں کر سکتے۔