آئی پی ایل میں ”سپاٹ فکسنگ“ پر 3 بھارتی کرکٹر اور 11 بکی گرفتار
نئی دہلی (بی بی سی + نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) بھارت میں آئی پی ایل کے دوران سپاٹ فکسنگ کے الزام میں تین کھلاڑیوں کو گرفتار کیا گیا ہے جنہیں بھارتی کرکٹ بورڈ نے انکوائری مکمل ہونے تک معطل کر دیا ہے۔ ان میں بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر سری سانتھ کے علاوہ انکت چوہان اور اجیت چنڈیلیا شامل ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی گورننگ کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ کو ان واقعات سے تکلیف پہنچی ہے اور کرپشن کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کی میٹنگ ہوئی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس میں جو بھی کھلاڑی ملوث پائے جائیں گے ان کے ساتھ سختی برتی جائے گی۔ اگر سپاٹ فکسنگ کے الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو ان کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگ سکتی ہے۔ راجستھان رائلز ٹیم کی مالک بالی وڈ کی اداکارہ شلپا سیٹھی ہیں انہوں نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کے ذریعے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ انہیں اس خبر سے حیرت ہوئی ہے۔ آن لائن کے مطابق بھارت نے کرکٹ کرپشن کو روکنے میں ناکامی کا الزام پاکستان پر عائد کر دیا۔ آئی پی ایل کے پانچ اور 9 مئی کے میچوں میں میچ فکسنگ کی گئی نئی دہلی میں پولیس کمشنر نیرج کمار نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کرکٹر کے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ سپاٹ فکسنگ معاملے میں کراچی، دبئی اور دہلی مافیا ملوث ہے۔ پولیس نے تمام شواہد اکٹھے کر لئے ہیں جن میں 2 غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی شامل تفتیش کیا جا سکتا ہے۔ ادھر پاکستان کے سابق کپتان عامر سہیل نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ آئی سی سی کی وجہ سے کرکٹ کو نقصان ہو رہا ہے۔ آئی سی سی میں کرپشن یونٹ کی تشکیل نو کرنا ہو گی ورنہ کرپشن سکینڈل منظر عام پر آئیں گے۔ بھارتی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ سپاٹ فکسنگ میں 5 بکیز نے کھلاڑیوں کو سگنلز بتائے۔ تین راجستھان رائلز کے کھلاڑی حراست میں ہیں، بکی نے جو تینوں کھلاڑیوں کو ہدایت کی تھی، انہوں نے ویسا ہی کیا۔ کھلاڑیوں کے ساتھ 11بکیز بھی حراست میں لئے گئے۔ انکیت کو اس میچ کیلئے 20لاکھ روپے دئیے گئے۔ کھلاڑیوں کیلئے اپنی گھڑی کو گھمانے اور تولیہ رکھنے کے اشارے مقرر کئے گئے۔ سری سانتھ نے پہلا اوور تولیہ پہنے بغیر کیا بکیز کو وقت دینے کیلئے اگلے اوور سے پہلے سری سانتھ نے وارم اپ ایکسر سائز کی۔ ادھر سری سانتھ سمیت 3 کھلاڑیوں کو 5 دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ تینوں کھلاڑیوں کے منہ پر کالا کپڑا باندھ کر عدالت میں لایا گیا۔ بھارت میں کرکٹ سے متعلق معاملات کی نگرانی کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ سٹنگ آپریشن سے متعلق تمام فوٹیج ٹی وی چینلز سے حاصل کی جائے گی اور پھر اس کا تفصیلی تجزیہ کیا جائے گا۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری سنجے جگدلے کی جانب سے بھیجی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے گورننگ کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے تاکہ اس فوٹیج کا جائزہ لیا جائے اور مناسب اور سخت اقدامات کئے جائیں۔ خیال رہے کہ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ایک بھارتی ٹی وی چینل نے سٹنگ آپریشن کرکے آئی پی ایل میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں، منتظمین، مالکان اور کھیل کے بڑے ناموں کے درمیان گھپلوں کا بھانڈا پھوڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ چینل کے مطابق اس آپریشن کے دوران کئی کھلاڑیوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں نیلامی میں ظاہر کی گئی بولی سے کہیں زیادہ پیسے ملتے ہیں۔