قومی ایجنڈا لے کر آگے بڑھیں گے‘ بدعنوانوں کیخلاف بگل بج گیا: نوازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) قومی اسمبلی کے مزےد دو آزاد ارکان قومی اسمبلی نے گزشتہ روز مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ رائے ونڈ میں مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف سے نو منتخب ارکان قومی اسمبلی جام صاحب آف لسبیلہ جام کمال ایم این اے اور بہاولنگر سے منتخب سید اصغر علی شاہ نے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کے فیصلے سے آگاہ کیا ۔ اب تک قومی اسمبلی کے 28آزاد ارکان میں سے 14مسلم لیگ ن میں شامل ہوچکے ہیں جس سے اس کے ارکان کی تعداد 125سے بڑھ کر 141ہوچکی ہے۔ دوسری جانب فاٹا کے ارکان قومی اسمبلی نے سابق وزیراعلی پنجاب اور مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں پارلیمنٹ میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ شہباز شریف سے ملاقات میں شمالی وزیرستان سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی محمد نذیر خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں غیر مشروط طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہا ہوں۔ وزیرستان کے عوام کی اکثریت یہ سمجھتی ہے کہ اس وقت محمد نواز شریف اور ان کی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی پاکستان کو موجودہ بحران سے نکال سکتے ہیں۔ شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے آزاد رکن قومی اسمبلی نذیر خان نے کہا کہ انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں غیر مشروط طور شمولیت کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ میاں نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں انہیں توقع ہے کہ میاں نواز شریف فاٹا میں امن قائم کرنے کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نوا زشریف نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر قومی ایجنڈا لے کر آگے بڑھیں گے، آزاد ارکان اسمبلی کی اکثریت کا مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد اس بات کا واضح غماز ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک وقوم کی ترقی پر یقین رکھتی ہے ۔ وہ رائیونڈ میں بلوچستان سے منتخب قومی اسمبلی کے دو ارکان سبی سے دو نشستیں ڈومکی اور جھل مگسی سے منتخب خالد مگسی کی (ن) لیگ میں شمولیت کے موقع پر بات چیت کررہے تھے۔ دونوں ارکان قومی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس سے قبل پنجاب ، سندھ اور خیبرپی کے سے منتخب آزاد ارکان سمیت تقریباً 28ارکان میں سے 20سے زائد ارکان مسلم لیگ(ن ) میں شامل ہوچکے ہیں ۔ واضح رہے کہ 18ویں ترمیم کے تحت آزاد منتخب ارکان کے لئے الیکشن کمشن کی طرف سے ان کے باقاعدہ منتخب ہونے کے نوٹیفیکیشن کے اجراءکے تین روز کے اندر اندر ان کے لئے کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونا لازمی ہے۔ اے پی اے کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ اقتدار میں آکر قومی ایجنڈا کو لے کر آگے بڑھیں گے، بحرانوں کا خاتمہ ملکر کیا جائیگا، میں سلام پیش کرتا ہوں لیگی متوالوں کو تخت لاہور کے ساتھ تاج اسلام آباد کی فتح بھی متوالوں کا ناقابل فراموش کارنامہ ہے ہمیں اقتدار سے زیادہ ملکی بقاء، ترقی و سلامتی و خوشحالی اور ملکی مفادات عزیز ہیں سابق حکمرانوں نے اپنے مفادات کو ترجیح دی اور وہ اقتدار اور ملکی مفادات کی طرح ملک وقوم کو پاﺅں تلے روندتے رہے قوم نے ان کو نفرت کے ساتھ اپنے پاﺅں کی ٹھوکر سے عبرتناک انجام تک پہنچا کر انہیں سابق کر دیا، آزاد ارکان اسمبلی کی اکثریت کا (ن) لیگ کی قیادت پر اعتماد اس بات کا واضح غماز ہے کہ مسلم لیگ ن ملک وقوم کی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ ہمیں اقتدار سے زیادہ ملکی بقاء، ترقی و سلامتی و خوشحالی اور ملکی مفادات عزیز ہیں جبکہ سابق حکمرانوں نے اپنے مفادات کو ترجیح دی اور وہ اقتدار اور ملکی مفادات کی طرح ملک وقوم کو پاﺅں تلے روندتے رہے قوم نے ان کو نفرت کے ساتھ اپنے پاﺅں کی ٹھوکر سے عبرتناک انجام تک پہنچایا سانگلہ ہل کے نو منتخب لیگی ایم این اے برجیس طاہر اور طارق باجوہ ایم پی اے اور رانا محمد ارشد ایم پی اے سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے لیگی نمائندوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آج ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی نے ثابت کردیا کہ قوم ملک کے اندر حقیقی معنوں میں جمہوریت کا نظام خوشحالی اور پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتی ہے انشاءاللہ تعالیٰ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملکی معیشت کو اولین بنیادوں پر مضبوط کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے گی قوم کو درپیش مسائل بجلی و گیس کی کمی کا خاتمہ ریلوے کی ازسرنو ترقی اور مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ لیگی حکومت کا مشن ہے میاں نواز شریف نے مزید کہا کہ سرکاری خزانے میں قوم کے پیسے کو قوم کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کیاجائیگا مسلم لیگ ن کی کامیابی اور وفاق اور پنجاب میں (ن) لیگ کی حکومتوں کے قیام کے بعد یہ بات واضح ہے کہ کرپٹ مافیا اور بدعنوانوں کیخلاف بگل بج گیا ہے کوئی بدعنوان قانون کی گرفت اور سزا سے نہیں بچ سکے گا سرکاری اداروں میں بڑے بڑے مگرمچھوں اور بددیانت اپنے انجام کو پہنچنے کا وقت آگیا ہے خدا کے فضل وکرم سے پاکستان بہت جلد خوشحال و مستحکم پرامن ملک کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر ابھرے گا مسلم لیگ (ن) اپنی پالیسیوں کے ساتھ دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ عظیم اور لازوال دوستی کے تعلقات قائم کرے گی۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر عاصم خان کے مطابق حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ (ن) کو قومی اسمبلی میں اب تک 20 اور پنجاب اسمبلی میں 50 کے قریب آزاد ارکان کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ عاصم خان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کو اب تک 20 آزاد ارکان نے مرکز میں حکومت سازی کیلئے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی کی 204 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ 50 کے قریب آزاد ارکان نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سے مسلم لیگ فنکشنل بلوچستان سے پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور بی این پی (مینگل گروپ) نے بھی مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ مرکز، پنجاب اسمبلی کے علاوہ بلوچستان میں بھی مسلم لیگ (ن) آزاد ارکان اور قوم پرست جماعتوں پر مشتمل اتحادی حکومت بنائے گی۔حافظ آباد سے بھی قومی اور صوبائی اسمبلی کے دو آزاد امیدوار مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ہیں۔ این اے 103 سے آزاد امیدوار لیاقت عباس اور پی پی 107 سے شعیب شاہنواز مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے۔