• news

کراچی سٹاک مارکیٹ تیز‘ سرمایہ کاری مالیت 49 کھرب سے بڑھ گئی‘ لاہور میں مندا

کراچی (مارکیٹ رپورٹر)کراچی سٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ مندے کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روزاتارچڑھاﺅ کے بعد تیزی رہی اور کے ایس 100 انڈیکس کی 20500 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہواٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100 انڈیکس 20600 کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا تاہم الیکشن میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف دھرنوں اور متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 250کے حوالے سے الیکشن کمیشن پر تحفظات کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظرآئے جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس سطح پر برقرارنہ رہ سکاتاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 120.43 پوائنٹس اضافے سے 20537.03پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طور پر 381کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 242کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں اضافہ، 113کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ کمی جبکہ26کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں استحکام رہا۔ مجموعی طور پر سرمایہ کاری مالیت میں22 ارب 31 کروڑ 45 لاکھ 9 ہزار 732 روپے کا اضافہ ریکارڈکیاگیا جبکہ سرمایہ کاری کی کل مالیت بڑھ کر 49 کھرب 89 ارب 21 لاکھ 2 ہزار 890 روپے ہوگئی۔ دریں اثناء لاہور سٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روزمندی کارجحان رہا - مجموعی طور پر105کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 42 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا۔17 کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی جبکہ 46 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس15.69 پوائینٹس کی کمی کے ساتھ 4291.93 پربندہوا۔ 1 کروڑ 9 لاکھ 86 ہزار 600 حصص کا کاروبار ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن