بھارت اتفاق کرے تو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے تیار ہیں: چینی سفیر
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں چین کے سفیر لیوجیان نے کہا ہے کہ اگر بھارت اتفاق کرے تو چین مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے تیار ہے۔ گزشتہ شام یہاں اپنے اعزاز میں دئیے گئے الوداعی عشائیہ میں نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چین دونوں ملکوں میں مصالحت کرا سکتا ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ چینی وزیراعظم اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں وہ بھارت بھی جا رہے ہیں کیا اس بات کا امکان ہے کہ چین دونوں ملکوں کے درمیان متنازعہ مسئلہ یعنی کشمیر کے مسئلہ کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ چینی سفیر سے پوچھا گیا کہ چینی وزیراعظم کے دورہ میں کیا پاکستان اور چین کے درمیان سٹرٹیجک نوعیت کے سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے تو چینی سفیر نے کہا کہ یقیناً پاکستان اور چین کے درمیان معیشت‘ تجارت اور دوسرے شعبوں میں تعاون کے سمجھوتے ہوں گے۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ چین اور پاکستان دونوں میں اب نئی قیادتیں آ گئی ہیں اس سے پاکستان اور چین کی دوستی پر کیا اثرات ہوں گے؟ تو چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین میں قیادت کی تبدیلی سے دونوں ملکوں کی دوستی پر کوئی اثر مرتب نہیں ہو گا۔ چینی سفیر سے استفسار کیا گیا کہ امکانی وزیراعظم نواز شریف سے بھی چینی وزیراعظم کی ملاقات ہو گی کیا وہ پاکستان کے وزیراعظم کو دورہ چین کی دعوت دیں گے تو چینی سفیر نے کہا کہ یقیناً وہ انہیں چین کے دورے کی دعوت دیں گے۔ چینی سفیر سے پوچھا گیا کہ کیا اس دورے میں چین کے وزیراعظم گوادر پورٹ کو آپریشنل بنانے کیلئے افتتاح کریں گے تو چینی سفیر نے کہا کہ شاید یہ ممکن نہیں ہو گا۔