• news

کراچی کے عوام کی تقدیر بدلنے سے اب کوئی نہیں روک سکتا: عمران

کراچی+ لاہور (نیوز ایجنسیاں+ سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے اپنی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اب ان کی تقدیر کو بدلنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ کراچی میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمشن ناکام ہوچکا ہے اور اس کا خود انہوں نے اعتراف کرلیا ہے۔ احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ پرامن احتجاج کرنے والوں کو تحفظ فراہم کرے، بیماری سے اٹھ کر کراچی آکر خود ان دھرنوں میں شریک ہوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور سے کلفٹن میں منعقدہ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہماری جنگ کراچی یا چند نشستوں کے لئے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے اب خوف اور ڈر کی فضا سے آزادی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ دریں اثناءعمران خان کی زیر صدارت شوکت خانم ہسپتال میں پارٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں خیبر پی کے میں حکومت سازی پر مشاورت کی گئی۔ عمران خان نے کہا کہ حالیہ انتخابات کے نتائج اور انتخابی عمل کے دوران دھاندلی کی سامنے آنے والی شکایات کے پیچھے آخر کچھ تو کار فرما ہے، چیف الیکشن کمشنر کو فوری طور پر اس پر پوری قوم کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا‘ ان کی پراسرار خاموشی ایک سربستہ راز بن گئی ہے۔ اس ٹیکنیکل دھاندلی کے حقائق منظر عام پر لانے کےلئے پی ٹی آئی آخری حد تک جائے گی۔ علاوہ ازیں ہنگو اور بنوں سے تعلق رکھنے والے دو آزاد اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ وقت نیوز کے مطابق عمران خان نے اسد قیصر کو خیبر پی کے اسمبلی کا سپیکر نامزد کردیا۔ اسد قیصر تحریک انصاف خیبر پی کے صدر ہیں۔ آئی این پی کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ فرینڈلی میچ کھیلیں گے اور نہ ہی فرینڈلی اپوزیشن کرینگے۔ پارلیمنٹ میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کیا جائیگا۔ تحریک انصاف کی تبدیلی کی جنگ ختم نہیں ہوئی، آنے والے دنوں میں قوم اسے عروج پر دیکھے گی۔ میرا جینا مرنا پاکستان کیلئے ہے، خیبر پی کے میں مثالی اور عوامی حکومت قائم کرینگے اور قوم سے کیا جانے والا ہر وعدہ پورا کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن