• news

این اے 168 وہاڑی، پی پی 198 ملتان میں دوبارہ گنتی، تھرپارکر میں الیکشن کا حکم

بورے والا + اسلام آباد (نامہ نگار + نوائے وقت نیوز + آئی این پی) الیکشن کمشن نے پی پی 198 ملتان کے 7 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ گنتی کرانے کا حکم دیدیا۔ الیکشن کمشن نے حکم دیا ہے کہ فریقین کی موجودگی میں ریٹرننگ افسران دوبارہ گنتی کرائیں۔ بورے والا سے نامہ نگار کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے 168 وہاڑی سے پی ٹی آئی کے امیدوار اسحاق خاکوانی کی درخواست پر حلقہ کے تمام پولنگ سٹیشنز میں ووٹوں کی تیسری مرتبہ گنتی کا حکم دیدیا ہے۔ الیکشن کمشن کی ہدایت پر ووٹوں کی تیسری گنتی کا عمل آج ریٹرننگ آفیسر وہاڑی کی عدالت میں شروع ہو گا۔ آئی این پی کے مطابق الیکشن کمشن نے این اے 168 میں دوبارہ گنتی کر کے 20 مئی تک رپورٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے جبکہ الیکشن کمشن نے این اے 229، 230 تھرپارکر میں دوبارہ پولنگ کا حکم جاری کر دیا۔ دونوں حلقوں میں ری پولنگ یکم جون کو ہو گی۔ این اے 230 کے 43 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہو گی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق الیکشن کمشن نے پی کے 62 بٹگرام کے 2 پولنگ سٹیشنز میں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیدیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق دونوں پولنگ سٹیشنز میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن