• news

لندن: تحریک انصاف، جماعت اسلامی کا برطانوی وزیراعظم کے گھر کے باہر الطاف کیخلاف مظاہرہ

لندن: تحریک انصاف، جماعت اسلامی کا برطانوی وزیراعظم کے گھر کے باہر الطاف کیخلاف مظاہرہ

لندن (خصوصی رپورٹ/خالد ایچ لودھی+ نوائے وقت رپورٹ+ ثناءنیوز) پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی، فرینڈز آف لیاری کے کارکنوں اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں نے الطاف حسین کو برطانیہ سے ڈی پورٹ کرنے کے لئے برطانوی وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاﺅننگ سٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین کی تعداد ہزاروں میں تھی، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا الطاف کی برطانوی شہریت منسوخ کرکے اسے پاکستان ڈی پورٹ کیا جائے۔ مظاہرین نے نعرے بازی بھی کی اور ایم کیو ایم کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا۔ دریں اثناءبرطانوی پارلیمنٹ کے ممبر جارج گیلوے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے برطانوی شہریت واپس لے لی جائے۔ جارج گیلوے نے پارلیمانی تحریک کے ذریعے برطانوی وزیراعظم اور ہوم سیکرٹری سے الطاف کی شہریت ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ الطاف حسین کو اس وجہ سے برطانوی شہریت دی گئی تھی کہ ان کے مطابق پاکستان واپسی پر ان کی جان کو خطرہ ہے۔ جارج گیلوے کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل اور عمران خان کی طرف سے الطاف پر الزام اور میڈیا میں الطاف کے بیانات کے بعد برطانوی حکومت کو اس بات کا ازسرنو جائزہ لینا چاہئے کہ کیوں نہ الطاف حسین کو ڈی پورٹ کر دیا جائے۔ دریں اثناءنجی ٹی وی کے مطابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے 10 ڈاﺅننگ سٹریٹ پر تحریک انصاف کے مظاہرے کا نوٹس لے لیا۔ ڈیوڈ کیمرون اپنے گھر سے باہر نکلے اور مظاہرین کو 5 منٹ تک دیکھتے رہے۔ انہوں نے اپنے سٹاف سے مظاہرین کے مطالبات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ علاوہ ازیں ثناءنیوز کے مطابق جارج گیلوے نے پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما زہرہ شاہد حسین کے قتل کا ایم کیو ایم کے سربراہ برطانوی شہری الطاف حسین کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ نے تحریک انصاف کی ان خاتون رہنما کے قتل کے حوالے سے الطاف حسین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ بھی دیا ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ٹوئیٹر) پر اپنے پیغام میں کیا۔ مختلف افراد نے جارج گیلوے سے اس واقعہ پر ان کا تبصرہ مانگا تھا۔ ٹوئیٹر پر اپنے پہلے پیغام میں جارج گیلوے نے کہا کہ تحریک انصاف کی خاتون نائب صدر کے کراچی میں قتل کا ذمہ دار برطانوی شہری الطاف حسین ہے۔ جارج گیلوے نے مزید کہا کہ زہرہ حسین کا خون برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ کے ہاتھوں پر ہے۔ میں نے برطانوی وزیر خارجہ کو اس قسم کے واقعہ کے حوالے سے خبردار کر دیا تھا، الطاف حسین کو گرفتار ہونا چاہئے۔
مظاہرہ

ای پیپر-دی نیشن