سونامی کے خطرے کا زیادہ درست اندازہ لگانے اور لوگوں کو جلد خبردار کرنیکا نیا طریقہ دریافت
برلن (اے پی پی) سائنس دانوں نے سونامی کے خطرے کا زیادہ درست اندازہ لگانے اور لوگوں کو زیادہ جلدی خبردار کرنے کاطریقہ دریافت کیا ہے ۔یورپی میڈیا کے مطابق ایک جرمن ٹیم نے کہا ہے کہ زلزلے کے چند منٹوں کے اندر اندر جی پی ایس اس کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کر سکتا ہے۔ ٹیم کا خیال ہے کہ اگر جاپان میں 2011 میں آنے والی سونامی میں یہ ٹیکنالوجی استعمال ہوتی تو لوگوں کو زیادہ جلدی خبردار کیا جا سکتا تھا۔ جب سمندر میں زلزلے کے بعد سونامی کی لہریں بلند ہوتی ہیں تو ہر لمحہ قیمتی ہوتا ہے۔ یہ لہریں منٹوں میں ساحل تک پہنچ کر تباہی مچا سکتی ہیں۔ موجودہ انتباہی نظام علمِ زلزلہ آنے کے بعد زمین کے ارتعاش سے پیدا ہونے والی توانائی کی لہروں کا جائزہ لیتے ہیں۔ لیکن زلزلے کے ابتدائی لمحات میں یہ ڈیٹا ہمیشہ قابلِ اعتماد نہیں ہوتا۔