پورٹ قاسم اتھارٹی کو 100ارب روپے سے زائد آمدنی سے محروم کرنے کی تیاری
کراچی (این این آئی) پورٹ قاسم اتھارٹی کو 100ارب روپے سے زائد آمدنی سے محروم کرنے کی تیاری ، پی کیو اے وارف اور برتھ چارجز کی وصولی کا اختیار نجی ٹرمینل کو دینے کی تیاری کی جارہی ہے۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے قانونی مشیر اور محکمہ مالیات نے اس کی مخالفت کردی ۔پورٹ قاسم اتھارٹی کے برتھ اور وارف چارجز کی وصولی کا اختیار نجی ٹرمینل کو دینے کے لئے جمعہ کو اچانک بورڈ کے اجلاس میں پیش کردیا گیا ۔ جس پر پورٹ قاسم اتھارٹی کے افسران نے مزاحمت کی اور اس حوالے سے کو ئی بھی کاروائی کرنے سے انکار کردیا ہے۔اب اس معاملے پر پیر کے روز دوبارہ منظوری لیئے جانے کا امکان ہے۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے محکمہ مالیات نے اس حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اجناس اور فرٹیلائزر کے ایف اے پی ٹرمینل کو برتھ اور وارف چارجز دینے سے ادارے کو 25ارب روپے سے زائد سالانہ کے ریونیو کا نقصان ہوگا۔ جبکہ پی کیو اے پر دیگر نجی ٹرمینل آپریٹر بھی اسی قسم کا اختیار طلب کریں گے جس سے بندرگاہ تقریبا 100ارب روپے کی آمدنی سے محروم ہوجائے گی۔