• news

تبدیلی غریب عوام کی ضرورت ہے، جاگیرداروں، سرمایہ داروں کی نہیں:طاہرالقادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہ ہے کہ انتخابات میں جیتنے والے 90فیصد افراد کا تعلق سیاسی خاندانوں سے ہے۔ الیکشن کے بعد صرف پارٹی کاچہرہ بدلا پارلیمنٹ میں وہی خاندان پہنچے ہیں۔ تبدیلی غریب عوام کی ضرورت ہے جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کی نہیں۔ پاکستان میں الیکشن کا فلسفہ یہ ہے کہ عوام صرف ووٹ ڈالیں اور گھوڑے جیتیں۔ اگر تبدیلی کے علمبردار لانگ مارچ کے دوران ہم سے آن ملتے تو انہیں آج دھرنوں کی ضرورت نہ ہوتی۔ اگر الیکشن کمشن کے خلاف میری پٹیشن کی سماعت کر لی جاتی تو الیکشن کمشن کو تحلیل کرنا پڑتا جو جج نہیں چاہتے تھے۔ اگر آئین کے مطابق الیکشن کرائے جاتے تو 11مئی کے بعد دھرنے نہ ہوتے۔ گزشتہ روز ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساری پارٹیاں دھرنے پر بیٹھی ہیں اور الیکشن کمشن خود کو شفاف الیکشن کی مبارکبادیں دیئے جارہا ہے۔ الیکشن ٹربیونلز کا وجود بھی الیکشن کمیشن کی طرح غیر آئینی اور غیر قانونی ہے اس لیے یہ انصاف نہ دے پائے گا صرف دکھاوے کے لیے چند زخموں پر مرہم رکھ دیئے جائیں گے۔کرپٹ نظام کے تحت دیے ہوئے مینڈیٹ کے تحت مرکز اور صوبوں میں حکومتیں تشکیل پا جائیں گی اور لوگ آہستہ آہستہ بھول جائیں گے کہ ان کے ساتھ کس بلا کی دھاندلی ہوئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن