پی پی 198 میں دوبارہ گنتی‘ مسلم لیگ ن کے شہزاد مقبول بھٹہ ہی کامیاب قرار
ملتان (وقائع نگار) صوبائی حلقہ پی پی 198 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر وسیم خان بادوزئی کی درخواست پر سات پولنگ سٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں ان کے اپنے 41 مزید ووٹ مسترد کر دیئے گئے جس کے بعد اس حلقہ سے مسلم لیگ ن کے نو منتخب ایم پی اے میاں شہزاد مقبول بھٹہ کو 2358 ووٹوں سے کامیاب قرار دے دیا گیا ہے۔ اس گنتی کے بعد میاں شہزاد مقبول بھٹہ کے حاصل کردہ کل ووٹ 32085 ہو گئے ہیں جبکہ بیرسٹر وسیم خان بادوزئی کے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد 29727 رہ گئی ہے۔ گنتی میں میاں شہزاد مقبول بھٹہ کے بھی 27 مزید ووٹ مسترد کئے گئے ہیں تاہم گنتی کا فائدہ میاں شہزاد مقبول بھٹہ کو ہی ہوا کیونکہ ان کے مدمقابل بیرسٹر وسیم خان بادوزئی کے ان سے 14 زیادہ ووٹ مسترد کئے گئے ہیں۔