• news

نئی حکومت میں طالبان کو اسکا 75 فیصد حصہ مل گیا: خورشید شاہ

سکھر (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نئی حکومت میں طالبان کو اس کا75 فیصد حصہ مل چکا ہے اس لئے اب نواز شریف اور عمران خان مل کر اس مسئلے کو حل کریں گے۔ ایک فرینڈلی میچ وہ کھیل چکے ہیں دوسرا وہ صحت یاب ہو نے کے بعد کھیلیں گے۔ بجلی کی قیمتوں میں پانچ روپے کا اضافہ عوام کے لئے مسلم لیگ ن کا پہلا تحفہ ہے، نواز شریف اس کا الزام نگران حکومت پر لگا کر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ ہم نے پانچ سال کی حکومت میں بجلی کی قیمتوں میں صرف ساڑھے پانچ یا چھ روپے کا اضا فہ کیا تھا۔ وہ گزشتہ روز سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں حکومت سازی کے لئے ایم کیو ایم سے الا ئنس کریں گے، میرے اپوزیشن لیڈر بننے یا نہ بننے کے با رے میں فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔ سندھ میں وزیراعلیٰ کون ہو گا اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، نواز شریف کو اعتماد کا ووٹ دینے کے حوالے سے باتیں قبل ازوقت ہیں۔ اس حوالے سے صورتحال کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔ الیکشن کمشن کسی ایک صو بے میں نہیں ملک بھر میں صا ف اور شفاف الیکشن کے انعقاد میں ناکام ہو چکا ہے، ملک میں کہیں جمہو ریت ڈی ریل نہ ہو جائے اس لئے ہم نے نتائج کو تسلیم کیا ہے اور جمہوریت کی خاطر یہ قربانی دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن