دھرنے دینے والے عوام کا مینڈیٹ مان لیں آئندہ 5 سال صرف کام ہو گا: شہباز شریف
لاہور ( خصوصی رپورٹر + این این آئی) شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے پر بیٹھنے والوں سے کہتا ہوں کہ وہ عوام کا مینڈیٹ مان لیں، ہمیں بھی کئی مقامات پر شکست ہوئی لیکن ہم نے واویلا نہیں کیا‘ آئندہ پانچ سال کام ،کام اور صرف کام ہو گا‘ عوام نے ہماری گزشتہ ادوار کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے دوبارہ خدمت کا موقع دیا ہے انشا اللہ انہیں مایوس نہیں کرینگے ۔ نو منتخب رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہارنے کا یہ مطلب نہیں کہ دھرنے دیئے جائیں اور احتجاج کیا جائے۔ جہاں تحریک انصاف کامیاب ہوئی ہے اسے مبارکباد دیتے ہیں لیکن جہاں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اسے تسلیم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نگراں حکومت نے چپڑاسی سے لیکر چیف سیکرٹری تک تبدیل کیا جبکہ اسکے مقابلے میں سندھ میں آصف علی زرداری صاحب کے بہنوئی کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا اضافی چارج دیدیا گیا ،اس سے زےادہ اقربا پروری اور دھاندلی کے منصوبوں کے اور کیا ثبوت ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اب وقت نہیں ہے،آئندہ پانچ سال صرف کام ہو گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے پر عوام کے مشکور ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن طریقہ اختیار کیا جائے گا۔عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہوم ورک کر لیا ہے انشاءاللہ حکومت بنتے ہی عملی اقدامات شروع کر دیں گے۔ انہوں نے صدر زرداری کے دورہ لاہور کے بارے میں کہا کہ زرداری صاحب شوق سے لاہور آئیں اور جس سے مرضی ملیں کسی کو کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نواز شریف عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں اور انہوں نے اپنی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسائل سے نمٹنے کے لئے شبانہ روز محنت کریں اور عملی اقدامات تجویز کریں۔میڈیا سے گفتگو میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ نومنتخب ارکان اسمبلی سے نوازشریف کا خطاب ایک حقیقی قائد، محب وطن سیاستدان اور مدبر رہنما کا خطاب تھا۔ محمد نوازشریف نے جہاں اپنے خطاب کے ذریعے قوم کے دلوں میں امید کی شمع روشن کی وہاں ان کے سامنے ملک و قوم کو درپیش چیلنجز اور ٹھوس حقائق بھی رکھ دئیے۔ قومی تعمیر نو کے لئے مشترکہ مساعی پر زور دیا ہے جس کا تمام سیاستدانوں کو مثبت جواب دینا چاہئے۔ انتخابی نتائج پر احتجاج کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فتح اور شکست دونوں حوصلہ مندی کا تقاضا کرتی ہیں۔ انتخاب ہارنے والوں کو بھی حوصلے کا مظاہرہ کرنا چاہئے تھا۔ یہ حقیقت تسلیم کیوں نہیں کی جاتی کہ ایک امیر آدمی کا ووٹ غریب آدمی کے مقابلے میں زیادہ طاقتور نہیں ہوتا۔ قبل ازیں رائیونڈ میں نومنتخب ارکان قومی اسمبلی اور مسلم لیگی کارکنوں سے خطاب میں شہبازشریف نے کہاکہ حالیہ انتخابات کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی نے پاکستان کے مستقبل پر عوام کے اعتماد کو ایک بار پھر زندہ کر دیا ہے۔