• news

چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کل پاکستان کے پہلے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

اسلام آباد (ثناءنیوز) چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کل (بدھ کو) پاکستان کے پہلے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے ایوان صدر میں باضابطہ استقبالیہ تقریب ہو گی۔ اگلے روز سینیٹ آف پاکستان کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ پاکستان کے نئے نامزد وزیراعظم محمد نواز شریف ملاقات کریں گے مہمان وزیراعظم کے پرتپاک استقبال کی تیاری مکمل کر لی گئی ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان اس تاریخی موقع پر خطے کی اہم گوادر بندرگاہ کو فعال کرنے کے منصوبوں پر دستخط ہوں گے بندرگاہ کے حوالے سے رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے لئے چین معاونت فراہم کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نیو دہلی سے کل پاکستان کے پہلے دورے پر وفاقی دارالحکومت پہنچیں گے۔ پاکستانی عوام چینی وزیراعظم کا زبردست استقبال کریں گے جب کہ ایوان صدر میں انھیں سلامی پیش کی جائے گی صدر آصف علی زرداری‘ چینی وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ محمد نواز شریف سمیت تمام منتخب سیاسی جماعتوں کے قائدین کو تقریب میں مدعو کر لیا گیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کے درمیان ون آن ون ملاقات میں خطے میں امن و سلامتی سے متعلق اہم امور پاک چین دوستی کو مزید فروغ دینے علاقائی تعاون سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال اور تعاون کے نئے امکانات پر بات چیت ہو گی۔ ایوان صدر میں چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کو نشان پاکستان بھی دیا جائے گا اگلے روز جمعرات کو وزیراعظم لی کی چیانگ سینیٹ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے اسی روز چین اور پاکستان کی نئی قیادت کے درمیان ملاقات ہو گی اور لی کی چیانگ و محمد نواز شریف کے درمیان اس اہم ملاقات میں خطے میں امن و ترقی عوامی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان اور چین کے ممکنہ کردار پر گفتگو ہو گی چینی وزیراعظم پاک چین دوستی مرکز میں خصوصی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن