گرمی کی شدت، لوڈشیڈنگ میں اضافے کے باعث زیرسماعت مقدمات متاثر
لاہور(شہزادہ خالد) گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ میں تیزی آنے سے لاہور کی تمام عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات متاثر ہونے لگے ہیں۔ لوڈشیڈنگ کے باعث جج حضرات ، وکلا، سائل اور دیگر عدالتی اہلکارپریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔ تاریخ پیشی پر آئے قیدی اور انہیں ملنے کیلئے آنے والے لواحقین بھی شدیدگرمی اور ”تپتی دھوپ“ میں خوارہوکر گھروں کو واپس لوٹنے لگے ہیں ۔گذشتہ روز شدید لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عدالتی امور نمٹانے میں عدالتی عملے کو انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے تمام عملہ پسینے سے شرابور ہو کر ڈیوٹی دینے پر مجبور رہا اسکے ساتھ ساتھ مذکورہ عدالتوں میں تاریخ پیشی پر آنے متعدد قیدیوں کے مقدمات کی سماعت بھی ممکن نہ ہوسکی اور انکے مقدمات کی تاریخیں دیدی گئیں۔ سیشن عدالت میں تاریخ پیشی پر آئے اسلم بٹ، شاہد سلیم، نیامت بھٹی، اختر رندھاوا، نعیم خان و دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پورے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث عوام پریشانی سے دوچار ہورہے ہیں لیکن واپڈا حکا م کو عدالتوں میں بجلی کی بندش کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئے۔ بجلی کی بندش کے وجہ سے عدالتی کارروائی نہیں ہوپاتی۔ گزشتہ روز بجلی کی بندش کی وجہ سے عدالتوں میں آئے متعد د افراد نے واپڈا حکام کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ اس حوالے سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کامران بشیر مغل نے بتایا کہ اکثر اوقات واپڈا حکام نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے جس کی وجہ سے عدالتی امور نمٹانے میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم اعلی حکام کو چاہئے کہ فوری اسکے سدباب کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جائیں۔