وزیراعظم نے ایف آر کوہاٹ میں فاٹا یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دیدی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے ایف آر کوہاٹ میں فاٹا یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دیدی۔ یونیورسٹی کا قیام فاٹا کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا نگران وزیراعظم نے صدر سے فاٹا یونیورسٹی کے قیام کی سفارش کی۔ دریں اثنا نگران وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ امر بلوچستان کیلئے باعث اعزاز ہے کہ نگران وزیراعظم کا انتخاب صوبہ بلوچستان سے کیا گیا، ان کی حکومت صوبہ کی فلاح وبہبود اور اقتصادی ترقی کیلئے ہرممکنہ کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات سابق سینیٹر ثناءاللہ بلوچ سے ایوان وزیراعظم میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے چیلنجوں کے باوجود صوبہ میں عام انتخابات کے خوش اسلوبی سے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔