• news

پولیس نے عدالتوں کی حکم عدولی کو وطیرہ بنا لیا: لاہور ہائیکورٹ

 لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ محکمہ پولیس نے عدالتوں کی حکم عدولی کو وطیرہ بنا لیا ہے،عدالتی حکم امتناعی کی بھی پرواہ نہیں کی جاتی۔فاضل عدالت نے یہ ریمارکس عدالتی حکم کے باوجود شہری کو حراست میں لینے پرایس ایس پی آپریشنز لاہور کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران دیئے۔فاضل عدالت نے مزید سماعت22 مئی تک ملتوی کردی۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار خاتون سلیمہ بی بی کے بیٹوں کو پولیس مقابلے میں مار دیا گیا۔ایک بیٹے کو عدالت نے گرفتار نہ کرنے کا کہا مگر پولیس نے اس پر بھی عمل نہیں کیا۔ پولیس کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ مدعی کے نہ آنے سے مقدمے کی تفتیش مکمل نہیں ہو رہی۔ درخواست گزار خاتون نے موقف اختیار کر رکھا ہے کہ پولیس نے اسکے پانچ بیٹوں کو ایک روز کے وقفے کے بعد پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا۔ عدلتی حکم کے باوجود اور عدالت کے نوٹس میں لائے بغیر گرفتاری عمل میں کیوں لائی گئی۔ عدالت نے پولیس کو گرفتار رضوان پر فرد جرم عائد کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے دوبارہ رپورٹ طلب کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن