کل امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا، حلف 28 مئی کو متوقع
اسلام آباد (ثناءنیوز) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف، تحریک انصاف کے عمران خان اور جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان سمیت 15سے زیادہ امیدواروں نے عام انتخابات میں ایک سے زیادہ قومی یا صوبائی نشستوں پرکامیابی حاصل کی۔کل ( بدھ کو) تمام امیدواروں کی کامیابی کے سرکاری حکم نامے جاری کر دئیے جائیں گے۔ نومنتخب ارکان اسمبلی کا حلف 28 مئی کو متوقع ہے عمران خان اور مولانا فضل الرحمان قومی اسمبلی کے تین تین حلقوں سے کامیاب ہوئے عمران خان نے میانوالی، پشاور اور مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت کی نشستوں کو خالی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف این اے 120لاہور اور این اے 68 سرگودھا سے کامیاب ہوئے اور ان کی طرف سے سرگودھا کی نشست خالی کئے جانے کا امکان ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے قومی اسمبلی کی ایک اور دو صوبائی نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے شہباز شریف دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 129اور ایک صوبائی نشست خالی کر دیں گے۔ تحریک انصاف کے جاوید ہاشمی نے بھی قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 48اسلام آباد ون اور این اے 149ملتان سے کامیابی حاصل کی۔ جاوید ہاشمی اسلام آباد کی نشست خالی کریں گے جبکہ اپنے آبائی علاقے ملتان کی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔ پختوانخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 259 اور این اے 262سے کامیابی حاصل کی۔ وہ بھی ایک نشست خالی کر دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف نے سیالکوٹ سے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی۔ وہ صوبائی اسمبلی کی نشست خالی کر دیں گے۔ ایک سے زیادہ قومی یا صوبائی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والوں میں چودھری نثار، جمشید دستی، امیر حیدر ہوتی، اکرم درانی، پرویز خٹک، اسد قیصر اور آفتاب شیرپاﺅ بھی شامل ہیں۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق تمام امیدواروں کو حلف اٹھانے سے قبل کسی ایک نشست کا انتخاب کرنا ہو گا۔ الیکشن کمیشن خالی نشستوں پر دو ماہ کے اندر ضمنی انتخاب کرائیگا۔